آن لائن درخواست جمع کرانے اور معلوماتی نظام کے لیے پی ٹی اے کا بڑا اقدام
اس جدید ترین نظام کا مقصد ٹیلی کام کمپنیوں اور درخواست دہندگان کے لیے لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانا ہے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنی آن لائن درخواست جمع کرانے اور معلوماتی نظام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو اب پی ٹی اے کی ویب سائٹ پربھی دستیاب ہے۔
تفصیلات کے مطابق 14 اگست 2024 کو باضابطہ طور پراس نظام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس جدید ترین نظام کا مقصد ٹیلی کام کمپنیوں اور درخواست دہندگان کے لیے لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانا ہے، جو پاکستان میں کاروبار ی عمل میں سہولت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ پلیٹ فارم ایک جامع سلوشن ہے جس کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی درخواستیں جمع کرانے کا عمل با آسانی اور مؤثر طریقے سے مکمل کرسکیں گے۔
یہ اقدام ٹیلی کام کے شعبے کو جدید اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے ضمن میں پی ٹی اے کے عزم کا عکاس ہے۔
اس پلیٹ فارم کی اہم خصوصیات میں نادرا کے تعاون سے شناختی کارڈ کی خود کار طریقے سے تصدیق، ایس ای سی پی کے ساتھ کمپنی رجسٹریشن کے دوران رئیل ٹائم کے دوران تصدیق، نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے آن لائن ادائیگیوں کی بذریعہ اپلیکیشن تکمیل شامل ہے۔
درخواست دہندگان آن لائن طریقے سے اپنا یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں، جس میں نادرا کے ای سہولت سینٹرز پر بائیومیٹرک تصدیق اور خودکار فیس کی ادائیگی کی تصدیق جیسے محفوظ اقدامات شامل ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، نادرا، ایس ای سی پی، اور این بی پی کے مابین تعاون کے نتیجے میں یہ حکمت عملی ٹیلی کام سروسز کے لائسنسنگ کے عمل کو ملک بھر میں تیزی اور آسانی سے انجام دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ اہم نظام انٹیگریشن کے ذریعے پی ٹی اے کے لئے ایک مضبوط اور مؤثر ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے جو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی توسیع کے لئے اہم ثابت ہوں گے۔