190 ملین پاؤنڈ کیس بند کیے جانے کا ریکارڈ پیش کرنے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، عمران خان


کورٹ رپورٹر August 17, 2024
(فوٹو:فائل)

190 ملین پاؤنڈز کیس بند کرنے کے نیب کے فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی عمران خان کی درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پیر کو سماعت کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کیس کے حتمی فیصلے تک 190 ملین پاؤنڈز کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا کی۔ بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر ایڈوکیٹ اور خالد یوسف ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔

بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کا 12 اگست کا آرڈر ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے اور کہا ہے کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

دریں اثنا اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ہوئی، وکلاء صفائی کی استدعا پر عدالت نے 21 اگست تک ملتوی کردی، ریفرنس کے آخری اور اہم گواہ نیب تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے بیان پر ساتویں سماعت میں بھی جرح مکمل نہ ہوسکی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی۔ اس دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ وکلاء صفائی نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ نیب بورڈ میٹینگ منٹس کی کاپی کی فراہمی کے حوالے سے ہماری درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے لہذا آج کی سماعت کو ملتوی کیا جائے، جس پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت پر وکلاء صفائی نیب تفتیشی افسر کے بیان پر اپنی جرح مکمل کریں گے، ریفرنس میں اب تک مجموعی طور پر 35 گواہوں کے بیانات قلم بند ہوچکے ہیں جبکہ 34 پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔

آج سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر، ظہیر عباس چوہدری اور عثمان ریاض گل جبکہ نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔