آرٹس کونسل میں 35 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ 26 ستمبر سے شروع ہوگا

فیسٹیول میں 40 ممالک سے 350 سے زائد فنکار حصہ لیں گے، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ


Staff Reporter August 17, 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

آرٹس کونسل میں "ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی" کا آغاز 26 ستمبر سے ہوگا جو 30 اکتوبر 2024 تک جاری رہے گا۔

فیسٹیول کے حوالے سے معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، اداکار وتھیٹر ڈائریکٹر خالد احمد، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور قدسیہ اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل میں اس مرتبہ ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فیسٹیول لے کر آرہے ہیں جس کا نام "ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی" ہے، فیسٹیول میں 40 ممالک حصہ لیں گے جس میں 100 سے زائد کلچرل پرفارمنسز ہوں گی اور 350 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے ممالک میں فلسطین، ترکیہ، بھارت ، متحدہ عرب امارات،امریکا، برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا، ، روس، مصر، ساؤتھ افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، ساؤتھ کوریا، ناروے، برازیل ، اسپین، بیلجیم، یوکرین، اومان، قطر، زمبابوے، آزربائیجان، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسووہ، برونڈی، کانگو، روانڈا و دیگر شامل ہیں۔

احمد شاہ نے بتایا کہ ہمارا کلچر اور ہیرٹیج بہت اچھا ہے، قوالی اور کلاسیکل رقص بھی فیسٹیول میں شامل ہے، ہم بین الاقوامی طور پر تمام آرٹسٹوں کو ملا کر ایک یونیورسل میوزک تخلیق کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان سمیت ایشیا میں اس طرح کا میوزک کبھی نہیں ہوا، ہم عوام کو 35 دن بھرپور طریقے سے خوشی دینا چاہتے ہیں، میں سمجھتا ہوں حالات جیسے بھی ہوں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔

احمد شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، حکومت سندھ نے ہمیں مکمل سپورٹ دی ہے، سکیورٹی کے حوالے سے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے، بھارت اور پاکستان کے ویزوں کا مسئلہ بھی رہا ہے مگر ہماری اردو کانفرنس میں بھارت سے لوگ آتے رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ملکوں کے فنکار فیسٹیول میں شریک ہوں۔

معروف مزاح نگار و ادیب انور مقصود نے کہا کہ علامہ اقبال نے بھی ایک خواب دیکھا تھا ایک خواب احمد شاہ نے دیکھا ہے، پینتیس ملکوں کو ایک جگہ جمع کرنا ایک خواب ہی ہے، احمد شاہ کر رہے ہیں یہ پروگرام تو ضرور کامیاب ہو گا، ان حالات میں 77 سال سے ہم خوش نہیں ہیں، شاید اس فیسٹیول سے ہمیں خوشی ملے، ایک بات کی خوشی ہے کہ جے پور اور بمبئی سے گروپ آرہے ہیں، پوری دنیا سے اس فیسٹیول میں شرکت کے لیے فنکار آرہے ہیں، دعا ہے ملک کے حالات ٹھیک رہیں۔

تھیٹر ڈائریکٹر خالد احمد نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا فیسٹیول ہونے جا رہا ہے، یہ دیکھتے دیکھتے ایک بہت بڑی شکل اختیار کر گیا ہے، میں حیرت میں ہوں اس بات سے کہ آرٹس کونسل اتنا بڑا فیسٹیول کرنے جا رہا ہے ، یہ چیلنج آسان نہیں، ہمارے طالب علموں کے لیے سیکھنے کا ایک بہت بڑا عمل ہے، آخر میں سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں