بلاول کی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات اور اقدامات پر وزیراعلیٰ سے رپورٹ طلب

پاکستان پیپلز پارٹی بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری


Staff Reporter August 18, 2024
فوٹو- فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے صوبے میں جاری بارشوں کے سبب ہونے والے نقصان اور صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سندھ کے مختلف علاقوں میں جاری شدید بارشوں میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ انہیں سکھر، لاڑکانہ اور خیرپور سمیت صوبے بھر میں ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی رپورٹ دی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے سکھر اور لاڑکانہ کے میئرز کو ہدایات دیں کہ مذکورہ شہروں کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنایا جائے۔

بلاول بھٹو نے ہدایات دیں کہ خیرپور ضلع میں ڈیم کے بند میں شگاف کے معاملے پر فوری تحقیقات کرائی جائیں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ نقصان کم سے کم ہو اور متاثرین تک فوری امداد بھی پہنچے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے زور دیا کہ محکمہ ریلیف اینڈ ریہبلیٹیشن اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بارش متاثرین کی امداد کے حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ انہوں نے بارش متاثرین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں