حکومت سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے وزیر خزانہ

پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کے لیے سب سے زیادہ اسٹریٹجک مارکیٹوں میں سے ایک ہے


Khususi Reporter August 19, 2024
فوٹو- فائل

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مستحکم اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ملاقات کے لیے آئے ہوئے مشرق بینک کے صدر جی سی ای او احمد عبدل آل سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں پاکستان کے اقتصادی منظرنامہ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مفید بات چیت ہوئی، اس موقع پر وزیر مملکت علی پرویز ملک، فنانس ڈویژن اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر افسران بھی موجودتھے وزیر خزانہ نے احمد عبدل آل کو مبارکباد دی اور پاکستان کے مالیاتی منظر نامے میں مشر ق بینک کی دلچسپی کو سراہا۔

انہوں نے مشر ق بینک کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونے کے لیے حکومت پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا، وزیر خزانہ نے ملک کے معاشی منظرنامے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کلی معیشت کے استحکام کے اشاریوں میں حالیہ بہتری، مستحکم کرنسی اور مالیاتی منڈیوں میں تیزی کا ذکر کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو، سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات، ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، کاروبارمیں آسانی ، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کلی معیشت کے ماحول کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مشرق بینک کے صدر جی سی ای او نے سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں اضافہ اور ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے مشر ق بینک کی پاکستان کے مالیاتی شعبے میں اپنی مصروفیات کو گہرا کرنے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے میں دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کے لیے سب سے زیادہ اسٹریٹجک مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں جیساکہ انفراسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت اور ایس ایم ایز پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ترسیلات زر، تجارت، مالیات اور اسلامی بینکاری کے لیے تعاون کو بڑھایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کی استعداد کا ذکر کرتے ہوئے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز سے سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیا، انہوں نے ایک مستحکم اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فریقین نے پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں پاکستان اور مشرق بینک کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں