اینکر پرسن مرید عباس قتل کیس میں 4 سال بعد بڑی پیش رفت

ملزم عاطف زمان نے 2019 میں مرید عباس اور خضرحیات کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا


کورٹ رپورٹر August 19, 2024
فوٹو- فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کیس میں چشم دید گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سرکاری گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔

کراچی سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں قائم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت کے روبرو اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی، مقدمے میں 4 سال بعد اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

ملزم عاطف زمان کیخلاف مقدمے میں چشم دید گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرا دیے، گواہوں کا کہنا تھا کہ ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی عادل زمان کے ساتھ مل کر 2 افراد کو قتل کیا، وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور استعمال ہونے والے اسلحے کی فرانزک رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملزمان کے وکیل نے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کرلی، عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری گواہوں کو طلب کرلیا، استغاثہ کے مطابق ملزم عاطف زمان نے 2019 میں مرید عباس اور خضرحیات کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

ملزم عاطف زمان کا بھائی عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر تاحال فرار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں