شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق

پولیس اہلکار بنارس فلائی اوور کے نیچے عملے کے ہمراہ ایک ٹرک کو روک کر دستاویزات چیک کر رہا تھا


Staff Reporter August 19, 2024
فوٹو- فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بنارس فلائی اوور کے نیچے عبداللہ کالج کے مین گیٹ کے سامنے ٹریفک حادثے میں ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ حادثے میں ٹرک پر بیٹھا ہوا شخص بھی سڑک پر گرنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او شارع نور جہاں فیض الحسن نے بتایا کہ متوفی پولیس اہلکار کی شناخت 52 سالہ محمد عقیل خان کے نام سے کی گئی جو کہ پیر آباد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس اہلکار بنارس فلائی اوور کے نیچے عبداللہ کالج کے سامنے عملے کے ہمراہ ایک ٹرک کو روک کر دستاویزات چیک کر رہا تھا ۔

ایس ایچ او فیض الحسن نے کہا کہ اس دوران عقب سے آنے والا ٹرک ٹریفک پولیس کے روکے گئے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کا اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ ٹرک پر بیٹھا ہوا شخص بھی سڑک پر گرنے کے باعث شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہوگیا، حادثہ ٹکرانے والے ٹرک کے بریک فیل ہونے کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔

فیض الحسن نے بتایا کہ پولیس نے ٹکرانے والے ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے، دریں اثنا نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ حنیف کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر بتایا جاتا ہے جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں