اسلام آباد میں ایک ارب کی اراضی کی جعلی رپورٹس بنانے میں ملوث سابق سی ڈی اے ممبر گرفتار
ملزم افنان عالم اور پراپرٹی ڈیلر جبار نے سی ڈی اے سے ملکر سیکٹر I-15 میں 624 کنال اراضی پر غیر مستحققین کو 62 پلاٹ دیے
ایف آئی اینٹی منی لانڈرنگ سیل اسلام آباد نے اسلام آباد میں ایکوائر کی گئی 624 کنال سے زائد اراضی کی جعلی رپورٹس بناکر خزانے اور حق داروں کو ایک ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے سی ڈی اے کے سابق ممبر اسٹیٹ افنان عالم کو ڈیلر جبار سمیت گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم افنان عالم سی ڈی اے میں بطور ممبر اسٹیٹ تعینات رہا جبکہ جبار پراپرٹی ڈیلر ہے، ملزمان نے سی ڈی اے کے دیگر عملے کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کرتے ہوئے غیر مستحق افراد کو سیکٹر I-15 اسلام آباد میں 62 پلاٹ الاٹ کئے اور دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے مجموعی طور پر ایک ارب کا نقصان پہنچایا۔
اس سے قبل ملزم کے خلاف کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد میں بھی مقدمہ درج تھا، ملزم افنان عالم نے کرپشن کرتے ہوئے اپنے اور اہلیہ کے نام پر غیر قانونی اثاثے بنائے اور کرپشن سے حاصل کردہ بھاری رقوم سے سیکٹر G14میں پراپرٹیز بنائیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔