دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر آنے والا جزوی تعطل درست بجلی کی فراہمی جاری
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں، ترجمان کے الیکٹرک
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر آنے والا جزوی تعطل ٹھیک کردیا گیا ہے، تاہم لائنوں سے پانی کے رساؤ کے باعث پانی کھڑا ہونے کے سبب کیبل فالٹ کی درستگی میں دشواری کا سامنا ہے جس کے باعث 22 میں سے 3 پمپنگ موٹرز پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز نہ صرف لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں بلکہ ہنگامی صورتحال میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جاتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے اور کسی بھی صورت حال سے بروقت نمٹنے کے لیے مستعد ہے۔
دوسری جانب ترجمان واٹر کارپوریشن نے اپنے جاری اعلامیہ میں بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر متاثرہ 72 انچ ایم ایس کی لائن نمبر پانچ کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد لائن نمبر پانچ سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا کہ 72 انچ پی آر سی سی کی لائن نمبر ایک کا مرمتی کام جاری ہے جو اگلے چار روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ ایم ایس کی لائن نمبر پانچ اور 72 انچ پی آر سی سی کی لائن نمبر ایک پھٹ گئیں تھیں۔