خیبرپختونخوا میں چینی سیاحوں کا داخلہ روکنے پر گورنر کے پی شدید برہم رپورٹ طلب
تحریک انصاف روز اول سے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر پاک چین تعلقات کو تباہ کرنے کے درپے ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں چینی سیاحوں کا داخلہ روکنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چینی سیاحوں کا خیبرپختونخوا میں داخلہ روکنے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے پر صوبائی وزارت داخلہ اور اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے میں کے پی حکومت میں ملوث ہے تو یہ صوبائی نہیں بلکہ ملک دشمنی کے مترادف ہے، تحریک انصاف روز اول سے پاک چین تعلقات کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو جماعت دہشت گردوں کو آباد کرتی ہے اور چین کے سیاحوں کو روکتی ہے اسکی ملک دشمنی کسی بھی قسم کے شک سے بالا ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت اپنے قائد اور اسکے آقاؤں کے اشاروں پر پاک چین دوستی کو متاثر کرنے میں مصروف ہے۔