عمرہ زائرین کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا دھندا کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ سمیت دیگر کے اخراجات ادا کرتا تھا، 6 ہزار امریکی ڈالر اور 17 ہزار عراقی دینار برآمد


آفتاب خان August 20, 2024
ملزم کو ایف آئی اے نے کراچی کے علاقے گرومندر سے حراست میں لیا (فوٹو ایکسپریس)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے عمرہ زائرین کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی دھندا کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے ذریعےعمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں کے انکشاف پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کےمطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اورغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو کراچی کے علاقے گرومندر سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ٹریول ایجنسی کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا اور عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اوردیگر اخراجات کی ادائیگیاں بھی حوالہ ہنڈی کے ذریعےکرتا تھا۔

اعلامیے کے مطابق ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی اور چھاپے کے دوران ملزم سے 63 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی روپےجبکہ 6355 امریکی ڈالراور 176250 عراقی دینار بھی برآمد ہوئے۔

ملزم کےزیراستعمال موبائل فون سے سعودی عرب رقوم منتقل کرنے کے پیغامات بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ گرفتار ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکا،حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ کیس کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں