پی ٹی آئی جلسہ علی گنڈاپور کی کارکنوں میں پیسے تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل

پارٹی رہنما شبلی فراز بھی علی گنڈاپور کے ساتھ موجود ہیں، کارکنوں کے ساتھ ریسکیو اہل کاروں میں بھی پیسے تقسیم کیے گئے


احتشام خان August 22, 2024
وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پانچ پانچ ہزار روپے کے نوٹ تقسیم کیے (فوٹو: اسکرین گریب)

پی ٹی آئی جلسے سے قبل علی امین گنڈاپور کی کارکنوں میں پیسے تقسیم کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔


پاکستان تحریک انصاف کا آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے، جو اب 8 ستمبر کو ہوگا۔ گزشتہ روز مقامی انتظامیہ کی جانب سے اچانک تحریک انصاف کے جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد جلسہ ہر صورت منعقد ہوگا۔


بعد ازاں گزشتہ شب ہی سے جڑواں شہروں (راولپنڈی، اسلام آباد) کی جانب جانے والے موٹر وے سمیت دیگر راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کارکنوں و رہنماؤں سمیت عام لوگ بھی اپنی منزل تک پہنچ نہیں سکے۔ اسی تناظر میں اسلام آباد کے اسکولوں میں آج چھٹی بھی دے دی گئی تھی۔




بعد ازاں صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا اور انتظامیہ کی جانب سے نیا این او سی ملنے پر پی ٹی آئی نے 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔


قبل ازیں جلسے کے لیے روانگی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ کارکنوں میں پیسے تقسیم کررہے ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز بھی علی امین گنڈاپور کے ساتھ موجود ہیں۔




وزیراعلیٰ کے پی کے نے کارکنوں کے ساتھ ساتھ ریسکیو اہل کاروں کو بھی پانچ پانچ ہزار روپے کے نوٹ تقسیم کیے، جس پر ریسکیو اہل کار خوشی کا اظہار کرتے رہے۔


جلسے سے قبل پیسے تقسیم کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر صارفین اپنے تبصرے کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں