کراچی شہر میں پانی کی قلت برقرار ٹینکر مافیا کی چاندی

پانچ دن قبل دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے فراہمی آب کی لائنیں پھٹ گئی تھیں


نعیم خانزادہ August 22, 2024
فوٹو: فائل

کراچی میں دھابیجی سے آنے والی مین لائنیں پھٹنے کے بعد شہر میں پانی کی صورتحال معمول پرنہیں آسکی جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہے، مختلف علاقوں میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جبکہ ٹینکرز مافیا کی چاندنی ہو گئی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق پانچ دن قبل دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے لائنیں پھٹ گئی تھیں جس کی وجہ سے شہر میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہو گئی، اور کئی دن گزرنے کے باوجود فراہمی آب معمول پر نہیں آسکی۔

دوسری جانب سے سرکا ری ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کے حصول میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال میں ٹینکر مافیا کی چاندنی ہو گئی ہے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پانچ دن قبل پھٹنے والی مرکزی لائنوں کا مرمتی کام ہو گیا ہے، واٹر کارپوریشن نے دعوی کیا ہے کہ شہر میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے اور سرکاری ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی معمول پر ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں کئی دنوں سے پانی کی فراہمی بند ہے اور سات سرکا ری ہائیڈرنٹس سے بھی پانی بہت کم دیا جارہا ہے۔

اس صورتحال میں پرائیوٹ ٹینکرز مافیا کی چاندی ہو گئی ہے اور منہ مانگی قیمت لے کر پانی ٹینکروں کے ذریعے دیا جارہا ہے، اس وقت سب سے زیادہ رہائشی علاقے متاثر ہیں جہاں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن حکام 5 دن میں بھی شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر نہیں لا سکی جس میں محکمہ بلک کے افسران کی مبینہ غفلت ولاپراہی ہے جس کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

شہر کے جن علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہے ان میں نارتھ کراچی ، گلشن اقبال ، کورنگی ، لانڈھی ، ملیر، شاہ فیصل کالونی ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیوکراچی ، اورنگی ٹاؤن ، محمود آباد، منظور کالونی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔