کراچی کے سفاری پارک میں جمبوجمپ کا شاندار افتتاح

کوشش ہے کہ کراچی کے ہر علاقے میں ایسی تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں، میئر کراچی


Staff Reporter August 23, 2024
فوٹو- فائل

سفاری پارک میں شہریوں کو جدید ترین جمبو جمپ تفریحی سہولت مارکیٹ سے انتہائی سستے داموں فراہم کردی گئی ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی سے لوگ باہر جا کر سرمایہ لگاتے ہیں میں ان سے کہوں گا کہ وہ اپنے شہر میں ایسے مفید پروجیکٹس پر سرمایہ لگائیں، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز سفاری پارک میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ سفاری پارک میں جمبو جمپ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندوں کے علاوہ سینئر ڈائریکٹر ریکریشن اقبال نواز اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سفاری پارک میں بہت بڑی زمین دستیاب تھی جسے ماضی میں کسی نے استعمال نہیں کیا، ہم نے فیصلہ کیا کہ اس زمین کو شہریوں کے لئے معیاری اور جدید تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے استعمال کریں گے، آج یہاں زیپ لائن، ایڈونچرفیسیلیٹی ہارس رائیڈنگ، پلے لینڈ،جانوروں کو رکھنے کے لئے سفاری ایریا اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے بعد جمبو جمپ کا بھی اس میں اضافہ کردیا ہے جس نے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا اور آج دنیا بھر میں انتہائی مقبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفاری پارک کی رونقوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور اب یہاں ہزاروں کی تعداد میں شہری اپنی فیملی کے ہمراہ تفریح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، یہی اس شہر کے حوالے سے ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے، کوشش ہے کہ کراچی کے ہر علاقے میں ایسی تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے پاس مزید اور بھی ایسے اثاثے ہیں جہاں اس قسم کی سہولیات شہریوں کے لئے فراہم کی جاسکتی ہیں، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سابقہ الہٰ دین پارک جہاں شہری جا کر تفریح کرتے تھے اسے کسی کی نظر لگ گئی اور اسے مسمار کردیا گیا اب ہم نے وہاں سٹی کونسل کی بلڈنگ تعمیر کرنے اور اس کے اطراف میں ایک خوبصورت پبلک پارک بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے بعد سڑکوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بارشوں کا موجودہ اسپیل ختم ہوتے ہی سڑکوں کی بحالی پر کام شروع کردیا جائے گا، ہم اختیارات اور وسائل کا رونا نہیں روئیں گے، سندھ کے موجودہ بجٹ میں کراچی کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے 110 ارب روپے رکھے گئے ہیں، ایک ایک پیسہ کراچی شہر کی امانت ہے اور اس امانت کو پوری دیانت کے ساتھ خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے، کراچی کے شہریوں کے لئے تفریحی سہولتیں پارکس اور کھلے مقامات کو بڑھا رہے ہیں، ماضی میں ان جگہوں پر قبضہ کیا جاتا تھا ہم یہ رونقیں واپس لوٹا رہے ہیں، جو لوگ ماضی میں اقتدار میں رہے ہیں انہوں نے ان چیزوں پر توجہ نہیں دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر، سڑکوں، پانی اور سیوریج کی سہولیات کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات میں اضافہ بھی ضروری ہے، کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بھی تفریحی سہولیات میں اضافہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں