چند خاندانوں پر مشتمل قبضہ مافیا کے باعث نوجوان مایوس ہیں حافظ نعیم
نوجوان ہماری امید نہیں بلکہ یقین ہیں اور ہم کسی صورت ان کو مایوس نہیں ہونے دیں گے، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پی سی ہوٹل لاہور میں سکلز گالا ایکسپو2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 77سالوں سے چند خاندانوں پر مشتمل قبضہ مافیا کی پالیسیوں کے باعث طلبہ اور یوتھ مایوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری قوت اور مستقبل ہیں، ہمارے نوجوان پوری دنیا کو لیڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ ملکی حالات کے باعث اکثر نوجوان ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نوجوان ہماری امید نہیں بلکہ یقین ہیں اور ہم کسی صورت ان کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔
بنو قابل کے تحت ملک بھر میں فری کورسز کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریں گے اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوحاصل کرنے کے لیے لاکھوں لوگوں نے ہجرت کی تاکہ وہ آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی بسر سکیں لیکن سات دہائیاں گزرنے کے بعد بھی وہی انگریز کا نظام غالب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریٹس،جرنیلز اور چند خاندانوں پر مشتمل اشرافیہ نے وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے، آج اے آئی کا زمانہ ہے اور یہاں انٹرنیٹ کی بندش کے باعث آئی ٹی انڈسٹری تباہ ہوچکی ہے۔