وزیراعظم کی جان شیر خان کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت
پوری قوم کو آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے، وزیراعظم کی سابق اسکواش چیمپئن سے ملاقات میں گفتگو
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق عالمی و برٹش اوپن چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جان شیر خان کے علاج معالجہ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جان شیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، آپ نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے، حکومت ملک میں اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
اسکواش کے کھلاڑی جان شیر خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نےتعاون کا یقین دلایا ہے، اس ملک کے لئے خدمات کا اعتراف وزیر اعظم کا ویژن ہے.