کامیڈین حنیف راجہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب

جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، عدنان صدیقی اور سید فرقان اختر نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کامیڈین کے فن پر گفتگو کی


Staff Reporter August 26, 2024
فوٹو : ایکسپریس

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اسٹیج شو کمیٹی کی جانب سے معروف کامیڈین، اداکار و میزبان حنیف راجہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تقریب میں جنرل منیجر پی ٹی وی امجد شاہ، کرکٹر معین خان، چیئرمین اسٹیج شو کمیٹی سعاد ت جعفری، معروف اداکار بہروز سبزواری، ایاز خان، شکیل صدیقی، رؤف لالہ، علی حسن ، ذاکر مستانہ، احمد راجا، گلوکار عمران جاوید، نذر حسین،اطہر جاوید صوفی، اختر علی اختر، سلیم آفریدی، عرفان ملک ، یاور چاﺅلہ ،اسلم شیخ ، نعیمہ گرج ، فیصل ندیم ، شبانہ کوثر ، گلوکار سلیم جاوید ، بابر عباسی و دیگر نے اظہارِ خیال کیا۔

جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، عدنان صدیقی اور سید فرقان اختر نے ویڈیو پیغام کے ذریعے حنیف راجہ کی فنی خدمات پر گفتگو کی جبکہ حنیف راجہ کی زندگی پر بنائی گئی شو ریل پیش کی گئی۔

اس موقع پراداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ احمد شاہ نے آرٹس کونسل کو بلندیوں تک پہنچایا، آج بہت سے فنکار صرف آرٹس کونسل کی وجہ سے زندہ ہیں کیونکہ تھیٹر کا رجحان تقریباً ختم ہوچکا ہے۔

شکیل صدیقی نے کہا کہ پی ٹی وی سے بہت سارے فن کار نکلے ہیں، ناظم آباد سے پی ٹی وی بہادر آباد تک کا راستہ ہم نے پندرہ پندرہ سال میں طے کیا، فن کار اپنا سب کچھ قربان کردیتا ہے، میرے والد کا جب انتقال ہوا تو میں اسٹیج پر تھا، کامیاب فن کار کے ساتھ کامیاب باپ ہونا بڑی بات ہے۔

سلیم آفریدی نے کہا کہ آج وہ دن یاد آرہا ہے کہ جب ہمارے سیکھنے کے دن تھے، شوبز میں جو سب سے زیادہ کام آتا ہے کنفیڈنس ہے جو حنیف راجہ میں بھرپور ہے۔

حنیف راجہ نے کہا کہ لفظ ٹریبیوٹ کئی سالوں کی محنت اور خونِ جگر دینے کا نام ہے، وہ تمام آنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کی عزت افزائی کی۔

تقریب کے آخر میں چیئرمین اسٹیج شو کمیٹی سعادت جعفری نے حنیف راجہ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے شیلڈ اور پھول پیش کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں