مالک مکان کے ہاتھوں کرایے دار کا قتل مقدمہ درج کر لیا گیا

مدعیہ کا کہنا ہے کہ میرا دعویٰ میرے مالک مکان معراج اور اس کے بیٹے شفیع کے خلاف میرے شوہر کے فوت ہو جانے کا ہے


Staff Reporter August 27, 2024
فوٹو- فائل

عزیز بھٹی پولیس نے مالک مکان اور اس کے بیٹے کے ہاتھوں کرایے دار کو قتل کرنے کا مقدمہ مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں درج کرلیا ، مدعیہ شائستہ ناز نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ گزشتہ سال 10 جولائی 2023 سے گلشن اقبال بلاک تیرہ بی پاکستان ریلوے سوسائٹی میں قائم مکان کے گراؤنڈ فلور پر کرایے دار کی حیثیت سے اپنے شوہر محمد آصف کے ہمراہ رہائش پذیر ہے جبکہ میرا شوہر واٹر فلٹر آر او پلانٹ کا کاروبار کرتا ہے۔

مدعیہ شائستہ ناز نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ 25 اگست کو ہم گھر میں سو رہے تھے کہ صبح تقریباً ساڑھے نو بجے کے قریب زور زور سے دروازہ بجانے کی آواز آئی تو ہم دونوں میاں بیوی اٹھ گئے اور میرے شوہر نے دروازہ کھولا تو مالک مکان معراج احمد شیخ کھڑا تھا۔

اس نے میرے شوہر سے کہا کہ تم فوراً مکان خالی کر دو جس پر میرے شوہر نے کہا کہ میرے ساتھ رقم کی اور بل وغیرہ کا حساب کرلیں اور بعد میں میری رقم مجھے دیدیں تو میں مکان خالی کر دیتا ہوں تو وہ مانا نہیں اور میرے شوہر کو تھپڑوں اور گھونسوں سے مار پیٹ کرنے لگا۔

اس دوران مالک مکان کا بیٹا محمد شفیع بھی آگیا اور انھوں نے میرے گھر میں گھس کر میرے شوہر کو بری طرح سے مارا پیٹا جس پر میں نے ان کو منع بھی کیا لیکن وہ باز نہیں آئے۔

مزید پڑھیں: مکان مالک کے تشدد سے کرائے دار جاں بحق

مدعیہ نے بتایا کہ میرا شوہر کمرے میں گر گیا تو وہ کمرے میں بھی گھس کر لاتوں اور مکوں سے مار پیٹ کرتے رہے اسی دوران میرا شوہر بے ہوش ہوگیا تو میں نے ان سے کہا کہ انھیں مت مارو لیکن دونوں باپ اور بیٹا کہنے لگے کہ یہ ڈرامہ کر رہا ہے اس کے بعد میں نے 15 پر کال کی تھی اور میں شوہر کو ایمبولینس کے ذریعے المصطفیٰ اسپتال لے کر جا رہی تھی کہ وہ فوت ہوگئے۔

مدعیہ کے مطابق میں نے اپنے بھائی اور رشتے داروں کو آگاہ کیا جس پر وہ اسپتال پہنچ گئے بعدازاں شوہر کی لاش جناح اسپتال لے کر گئے۔

مدعیہ کے مطابق میرا دعویٰ میرے مالک مکان معراج احمد شیخ اور اس کے بیٹے محمد شفیع دہلوی کے خلاف میرے شوہر کو لاتوں ، گھونسوں ،مکوں اور تھپڑوں سے میرے گھر میں گھس کر مار پیٹ کرنے اور تشدد کرنے جس سے میرے شوہر محمد آصف کے فوت ہو جانے کا ہے لہٰذا ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس نے مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 568 سال 2024 بجرم دفعہ 302 چونتیس کے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ پولیس نے دونوں باپ بیٹا کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں