منگھوپیر تھانے میں تعینات کانسٹیبل نے کرپشن کا بھانڈا پھوڑدیا

تھانے کا منشی ڈیوٹیاں لگانے کے عوض رقم وصول کرتا ہے، پولیس اہلکار کا بیان وائرل، ایس ایس پی نے رپورٹ طلب کرلی


Staff Reporter August 28, 2024
(فوٹو : فائل)

منگھوپیر تھانے میں تعینات پولیس کانسٹیبل نے اپنے تھانے میں ہوئی کرپشن کا بھانڈا پھوڑدیا، الزام عائد کیا کہ تھانے کا منشی اہلکاروں کی ڈیوٹی کے عوض ہزاروں روپے وصول کرتا ہے، ایس ایس پی ویسٹ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی منگھو پیر کو انکوائری افسر مقررکردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منگھوپیر تھانے میں تعینات پولیس کانسٹیبل علی احمد نے کرپشن سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کی ہے جس میں انہوں ںے الزام عائد کیا ہے کہ تھانے کا منشی عابد ایک ہزار روپے وصول کرکے ڈیوٹیاں لگاتا ہے جو پولیس اہلکار ہزار یا دو ہزار روپے منشی کو دیتا ہے اسے باہر کی اچھی ڈیوٹی پر لگادیا جاتا ہے، رشوت دینے والوں کو چھٹی بھی دی جاتی ہے اور رشوت نہ دینے والے اہلکاروں کو پھنسا دیا جاتا ہے۔

علی احمد نے بتایا کہ اس کا بیٹا بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہے اور بیٹے کےعلاج پر ماہانہ ہزاروں روپے خرچ آتا ہے، وہ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے اور منشی عابد کو ایک ہزار دینے کے لیے اس کے پاس رقم نہیں ہے۔ پولیس اہلکار نے اعلی افسران سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا جس پر ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمن بگٹی نے ڈی ایس پی منگھوپیر انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

ایس ایس پی کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں