نیشنل گیمزمیں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

وزیر کھیل سندھ کے زیرصدارت پاکستان اولمپک اورسندھ اولمپک ایسوسی ایشن اجلاس میں 35 ویں قومی کھیلوں کے انعقاد کی منظوری


Sports Reporter August 29, 2024
فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے پاکستان نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے.

اس سلسلے میں 35 ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے سندھ کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت پاکستان اولمپک اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عابد قادری، سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، أصف عظیم۔ اصغر بلوچ اور چیف انجنیئر اسلم مہر و دیگر بھی شریک ہوئے.

اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کراچی میں 35 ویں قومی کھیلوں کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی اور سیکریٹری سندھ اولمپک احمد علی راجپوت نے گیمز کے انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی، اجلاس میں نیشنل گیمز کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کے لیے مختلف اسٹڈیم کے دورے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا.

وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان نیشنل گیمز کو کامیاب بنانے کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، کوشش ہوگی کہ گیمز کی ٹارچ ریلے کے افتتاح کیلیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مدعو کریں گے، نیشنل گیمز میں شریک کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرایا جائے گا، کیوں کہ کچھ کھلاڑی ڈرگ کا بھی استعمال کرتے ہیں، سوئمنگ کے تمام ایونٹ کراچی میں ہوں گے اور کھلاڑیوں کو تمام ایکیومنٹ مہیا کیا جائے گا۔

پاکستان اولمپک کے صدر عابد قادری کا کہنا تھا کہ وزیر کھیل کے اسپورٹس وژن سے بہت متاثر ہوا ہوں، وزیر کھیل سندھ کو لاہور میں اولمپک میوزیم کے دورے کی بھی دعوت دیتا ہوں، پاکستان اولمپک اور سندھ اولمپک کی باہمی مشاورت سے نیشنل گیمز کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ گیمز کی سیکیورٹی میں اداروں کے ساتھ اسکاؤٹس کی خدمات لی جائیں.

اجلاس میں سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک محمد خالد محمود کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز سے پہلے والنٹیئر کی ٹریننگ کرائی جائے، ٹارچ ریلے کے لیے مشعل میں دھواں نہیں ہونا چاہیے، وہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتا ہے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں