طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر کراچی پورٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا
دوسری جانب کراچی کی بندرگاہ چائنا پورٹ پر ہوا کے تیز جھکڑوں سے کنٹینر الٹ گئے
طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر کراچی پورٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا، کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں اور ناخوشگوار حالات کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں، سمندر میں شدید تلاطم، تیز اور اونچی لہروں کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بندرگاہ سے باہر جہازوں کو کھلے سمندر میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جہازوں کو حفاظت کے ساتھ لنگر انداز کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پورٹ آپریشن روک دیے گئے، سامان کی لوڈنگ ان لوڈنگ بھی نہیں کی جارہی، اس کے علاوہ ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرمینلز پر خالی کنٹینرز کو اونچا نہ رکھا جائے۔
سمندری طوفان کے خطرے کے باعث کراچی پورٹ ٹرسٹ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے لنگر انداز جہازوں کو مضبوطی سے باندھنے کی ہدایت کی اور پورٹ آپریشن روکنے کے احکامات جاری کیے۔
دوسری جانب کراچی کی بندرگاہ چائنا پورٹ پر ہوا کے تیز جھکڑوں سے کنٹینر الٹ گئے، پورٹ ذرائع کے مطابق کنٹینر لڑھکنے کا واقعہ ساؤتھ ایشیا پورٹ ٹرمینل پر پیش آیا، حادثے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا کیونکہ کنٹینرز خالی تھے جو تیز ہواؤں سے اپنی جگہ پر نہ رہ سکے۔