وزیراعلیٰ سندھ کی حیدرآباد میں سندھ پریمیئر لیگ کے انعقاد کی تجویز

سندھ پریمیئر لیگ کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کی مہارت میں اضافہ کرنا اور انکے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے، مراد علی شاہ


Staff Reporter August 31, 2024
(فوٹو: فائل)

وزیر اعلیٰ سندھ نے رواں سال دسمبر میں حیدرآباد میں سندھ پریمیئر لیگ منعقد کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کی مہارت میں اضافہ کرنا اور ان کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل ) کے وفد سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ، چیئرمین لیگ ملک اسلم ، وائس چیئرمین میجر جنرل (ر) زاہد محمود اور صدر عارف ملک موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ صرف کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں بہترین کارکردگی کے مواقع فراہم کرکے سندھ کی اعلیٰ ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سے صوبے میں معیشت ، روزگار اور ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایس پی ایل سے ہم صوبے میں عالمی معیار کے کرکٹرز پیدا کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے رواں سال دسمبر میں حیدرآباد میں سندھ پریمیئر لیگ منعقد کرانے کی تجویز دی اور آئندہ سال سندھ میں نئے اسٹیڈیم بنانے پربھی اتفاق کیاگیا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے پریمیئر لیگ اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے درمیان کمیٹی قائم کی۔کمیٹی اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ دسمبر اور آئندہ سال سندھ پریمیئر لیگ کے میچز کا انعقاد کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کے شہری و دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کریں گے۔سندھ میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن مواقعوں کی عدم دستیابی کے سبب یہ ٹیلنٹ نظر سے اوجھل ہوجاتا ہے۔مگر اب سندھ حکومت پریمیئر لیگ کے آغاز سے صوبے کےنوجوانوں کوان کی بہتر کارکردگی کے اعلیٰ مواقع فراہم کرےگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں