کھیل کود دل ہمارا میسی اور دماغ نیدرلینڈز کے ساتھ ہے

ارجنٹینا صرف اُسی صورت جیت سکتاہےاگر میسی نے میدان میں دھوم مچادی وگرنہ ارجنٹینا کے مداحوں کی آنکھوں میں آنسوں ہونگے


Iqbal Khursheed July 09, 2014
اس میچ کو میسی بہ مقابلہ رابن بھی کہا جارہا ہے۔ بے شک دونوں عظیم ہیں۔ ایک معنوں میں یہ میچ عظمت کا دل چسپ ٹکراؤ ثابت ہوگا۔ فوٹو: فائل

مقابلہ کیا تھا جناب، ایک بھیانک حادثہ تھا۔

پہلے سیمی فائنل میں برازیل کے اعصاب جواب دے گئے۔ میچ ایک بدترین خواب ثابت ہوا۔ میزبان ٹیم نیست و نابود ہوگئی۔ ارمانوں کا قتل ہوا۔ جرمن غالب آگئے۔

اور آج... ایک اور جنگ چھڑنے کو ہے۔ میسی کی ٹیم نیدرلینڈز سے ٹکرائے گی۔ اور یہ ٹکراؤ کسی ایک ''ٹائی ٹینک'' کو لے ڈوبے گا۔

اب تجزیہ کرنے بیٹھے ہیں، تو دل و دماغ کو باہم دست و گریباں پاتے ہیں۔ دل ہمارا ارجنٹینا کے ساتھ۔ ذہن نیدرلینڈز، نیدرلینڈز کی گردان کر رہا ہے۔

خدا لگتی کہیں؛ حقائق کی دنیا میں تو نیدرلینڈز غالب ہے۔ تکنیکی اعتبار سے وہ بہتر۔ زیادہ منظم۔ زیادہ اتاولے۔ ارجنٹینا کے پاس بے شک میسی جیسا سپراسٹار ہے، مگر ''اورنج ٹیم'' کے پاس تو ستاروں کا جھرمٹ ہے۔ پرسی، رابن، شنائیڈر؛ دوڑ نہیں رہے جناب، اڑ رہے ہیں۔

ارجنٹینا سوئزرلینڈ اور بیلجیم کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ مذکورہ ٹیموں کو اندازہ تھا کہ اِس ٹیم کی طاقت لائنل میسی ہے۔ اُنھوں نے اس آفت کے پرکالے کو قابو کرنے کی خاصی کوشش کی۔ کئی مراحل پر یوں لگا، جیسے میسی اُن کے دام میں پھنس گیا۔ مگر پھر... اُس نے اپنی عظمت کی جھلک دکھائی۔ چیتے کی رفتار سے دوڑا۔ پانی کی طرح راستہ بنایا۔ خود گول نہیں کیا، مگر جو گول ہوئے، وہ اسی کے مرہون منت تھے۔

نیدرلینڈز والے بھی میسی نامی عفریت کو قابو کرنے کی کوشش کریں گے۔ ممکن ہے، میسی عظیم کھلاڑیوں کے مانند، جو کہ وہ ہے، اس حصار کو توڑ ڈالے، مگر ایک دقت ہے۔
میسی تو گول داغ دے گا، مگر سوال یہ ہے کہ ارجنٹینا اِس میچ میں کس دفاع حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ نیدرلینڈز کے فارورڈز کو تو جیسے پر لگ گئے ہیں۔ وہ دیوانے ہوئے جارہے ہیں۔ ورلڈ کپ ٹرافی پر اُنھوں نے نظریں گاڑ رکھی ہیں۔

سچ کہیں تو نیدرلینڈز کا پلہ بھاری ہے۔ ماضی کا ریکارڈ ان کا بہتر۔ دیوانگی ان کے کھلاڑیوں میں۔ اسٹارز زیادہ ان کے پاس۔ اور ارجنٹینا کے پاس... فقط میسی!!
مگر ایک امکان ہے۔ کچھ ایسا ہے، جو ارجنٹینا کے حق میں جاتا ہے۔

میسی کی ٹیم نے گو ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا، البتہ اُنھوں نے ہمیں ٹھیک ٹھاک متاثر کیا۔ وہ تواتر کے ساتھ اچھا کھیل رہے ہیں۔
نیدرلینڈز کا معاملہ ذرا مختلف ہے۔

اُنھوں نے پہلے میچ میں جادوئی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اسپین کو نیست و نابود کر دیا، مگر اس کے بعد... بلاشبہہ وہ اچھے کھیلے، مگر اس کارکردگی کو دہرا نہیں پائے۔ میکسیکو اگر اپنے اعصاب پر قابو رکھتا، تو نیدرلینڈز والے کب کا گھر لوٹ چکے ہوتے۔ یہ ٹیم کوسٹوریکا کے خلاف بھی، جو ٹاپ آٹھ کی کم زور ترین ٹیم تھی، گول کرنے میں ناکام رہی۔

ارجنٹینا کے مداح دعا کر رہے ہوں گے کہ نیدرلینڈز والے اسی ڈھب پر کھیلتے رہے۔ اگر اُنھوں نے اسپین کے خلاف کھیلا جانے والا طلسماتی کھیل نہیں دہرایا، تب تو جیت ارجنٹینا کی ہوگی، ورنہ... اِس بار میسی کے مداحوں کی آنکھوں میں آنسو ہوں گے۔

اس میچ کو میسی بہ مقابلہ رابن بھی کہا جارہا ہے۔ بے شک دونوں عظیم ہیں۔ ایک معنوں میں یہ میچ عظمت کا دل چسپ ٹکراؤ ثابت ہوگا۔

ایک پیش گوئی اور: یہ پہلے سیمی فائنل کے برعکس زیادہ ہائی اسکور میچ ثابت نہیں ہوگا۔ چاہے جو ٹیم ہارے، وہ اتنا برا نہیں کھیلے گی، جتنا برازیل کھیلی۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں