شریف آباد میں نجی بینک کے ملازم سے ڈاکو امریکی ڈالرز سے بھرا لفافہ چھین کر فرار

پولیس نے 90 فیصد تک سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز چیک کر لی ہیں اور جلد ہی اس واردات کا معمہ حل کر لیا جائے گا


Staff Reporter September 03, 2024
فوٹو- فائل

شریف آباد غریب آباد انڈر پاس میں ڈکیتی کی پراسرار واردات میں ڈاکو نجی بینک کے ملازم سے 10 ہزار ڈالرز کا لفافہ چھین کر فرار ہوگئے۔

اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل کا کہنا تھا کہ شریف آباد تھانے کی حدود میں ڈالر چھین کر فرار ہونے کی واردات سے متعلق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ بینک ملازم ابرار حسین جو کہ لال قلعہ پی ای سی ایچ ایس میں نجی بینک میں کام کرتا ہے۔

منگل کے روز اپنے برانچ منیجر زاہد نور کے کہنے پر ابرار ان کی رہائش گاہ لیاقت آباد ڈاکخانہ آیا تھا جہاں برانچ منیجر نے اسے گھر سے ایک لفافہ دیا اور لیاقت آباد ڈاکخانہ سے فش کٹاکٹ لے کر آنے کا کہا تھا ۔

ابرار نے برانچ منیجر کے گھر پہنچ کر اس کے بیٹے سے ایک لفافہ لیا جو اس نے مبینہ طور پر موٹر سائیکل کے کور کی سائیڈ پاکٹ میں رکھ لیا تھا بعدازاں اس نے ڈاکخانے سے فش کٹاکٹ دے کر واپس بینک جانے کے لیے لیاقت آباد 10 نمبر کا راستہ اختیار کیا۔

بینک منیجر نے بتایا کہ وہ غریب آباد انڈر پاس سے جا رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 اشخاص نے اسے روک کر اس سے آئی فون سیون اور لفافہ چھین لیا تاہم ملزمان نے اسے اسلحہ نہیں دکھایا تھا اس کے بعد ملازم بینک چلا گیا اور بینک منیجر کے ہمراہ شریف آباد تھانے میں رپورٹ کے لیے آیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او شریف آباد مہر محمد یوسف نے بتایا کہ مدعی کی جانب سے چھینے جانے والے 10 ہزار امریکی ڈالرز کے حوالے سے پولیس نے 90 فیصد تک سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز چیک کرلی ہیں اور جلد ہی اس واردات کا معمہ حل کر لیا جائے گا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں