معین علی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے دل بھرگیا

مجھے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ فخر رہا، میرے چند ابتدائی سال ٹیسٹ کرکٹ تک تھے


Sports Desk September 09, 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

انگلش آل رائونڈر معین علی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے دل بھر گیا، انھوں نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انھوں نے کیریئر کا یہ انتہائی اہم فیصلہ آسٹریلیا سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز میں زیرغور نہ لائے جانے پر کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے 68 ٹیسٹ، 138 ون ڈے اور 92 ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچز کھیلنے والے معین علی نے تمام انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

انھوں نے کہا کہ میں 37 برس کا ہوچکا، رواں ماہ آسٹریلیا سے شیڈول سیریز میں منتخب بھی نہیں کیاگیا، میں نے انگلینڈ کی جانب سے بہت کرکٹ کھیلی ہے، اب نئی جنریشن کا وقت آگیا ہے، یہ حقیقت مجھ پر واضح ہے، میں محسوس کرتا ہوں کہ میرے جانے کا یہ مناسب وقت ہے۔

معین علی نے مجموعی طور پر 6678 رنز بنائے، جس میں 8 سنچریاں، 28 ففٹیز شامل ہیں، اس کے علاوہ انھوں نے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 366 وکٹیں بھی اڑائیں، انھوں نے آخری بار ملک کی نمائندگی ٹی 20 ورلڈ کپ میں گیانا کے مقام پر بھارت کیخلاف سیمی فائنل میں کی، جس میں انگلش ٹیم ہارگئی تھی۔

معین نے مزید کہا کہ مجھے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ فخر رہا، میرے چند ابتدائی سال ٹیسٹ کرکٹ تک تھے، تاہم مورگن کے بعد مجھے ون ڈے ٹیم میں بھی موقع ملا لیکن باقاعدہ کرکٹ ٹیسٹ ہی ہے۔ معین علی دنیا بھر میں ہونے والی ٹی 20 لیگز میں شرکت کا سلسلہ بدستور جاری رکھنا چاہیں گے، انھیں گذشتہ دن سی پی ایل فرنچائز گیانا ایمازون نے پاکستانی اوپنر صائم ایوب کی جگہ منتخب بھی کیا ہے۔

تاہم وہ مستقبل میں کوچنگ کی جانب جانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں نے برینڈن میک کولم سے اس بابت بہت کچھ سیکھا ہے۔ معین علی آئی پی ایل میں چنئی سپرکنگز ، جنوبی افریقہ ٹی 20 میں جوہانسبرگ سپر کنگز اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کی۔

انگلینڈ کی نمائندگی میں اپنی اہم فتوحات میں معین علی نے ایشز اور 2 ورلڈ کپس کی ٹائٹل کامیابی کو اہم گردانا، انفرادی پرفارمنس میں جنوبی افریقہ کیخلاف اوول میں ان کی ٹیسٹ ہیٹ ٹرک بھی نمایاں رہی۔ انھوں نے انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میں تیزترین 50 وکٹیں بھی اڑائیں، اس کارنامے پر بھی وہ فخر کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں