امریکا پاکستان کی 60 فیصد توانائی کیلیے مدد کر رہا ہےامریکی سفیر
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو 2030 تک 60 فیصد توانائی کی ضروریات ماحول دوست ذرائع سے پوری کرنے کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے، امریکا نے اس سلسلے میں گرین کلائمیٹ فنڈ کو 5 ارب ڈالر دیے ہیں۔
امریکی سفیر نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کے زیر اہتمام 'ریچارج پاکستان' کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریچارج پاکستان'، پاک امریکا شراکت داری پر اس طرح سے استوار ہے جس کیلیے امریکا نے اضافی 50 لاکھ ڈالر دیے ہیں جو پاکستانی عوام کے روشن مستقبل کیلیے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔
ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر اور پاکستان ہر روز ماحولیاتی بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے،آن لائن کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور علاقائی امور بشمول افغان پناہ گزینوں اور پناہ کے خواہاں افراد کے تحفظ، معاشی شعبوں میں تعاون، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔