اسلام آباد ہائیکورٹ پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف کو وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم

کوئی سیکورٹی ادارہ انہیں گرفتار نہ کرے، جج، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنےکی درخواست پر سماعت


کورٹ رپورٹر September 11, 2024
(فوٹو : فائل)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف کو اسلام آباد میں لینڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکیورٹی ادارو ں کو پٹیشنر کی ملک واپسی پر گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے کہا کہ مبین عارف کی وطن واپسی پر کوئی سیکورٹی ادارہ انہیں گرفتار نہ کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے رضوان اختر اعوان ایڈووکیٹ ، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی عدالتی نوٹس پر پیش ہوئے اور بتایا کہ عمومی طور ایجنسیز کے کہنے پر نام پی سی ایل میں شامل کیا جاتا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کس قانون کے تحت آپ ان کے نام اس لسٹ میں ڈالتے ہیں یہ وفاقی کابینہ کا دائرہ اختیار ہے آپ کیسے استعمال کرتے ہیں؟

ڈی جی پاسپورٹس نے بتایا وفاقی کابینہ نے اختیار تفویض کیا ہوا ہے رولز میں لکھا ہے، رولز 22 کے تحت ہم نام لسٹ میں ڈالتے ہیں ۔

جسٹس بابر ستار نے کہا ڈی جی صاحب ، تفصیلی رپورٹ دیں اگر میں اس نتیجے پر پہنچا کہ آپ اختیار کا غلط استعمال کر رہے ہیں تو اس کے اثرات ہوں گے، اس لئے جو جواب جمع کرانا ہے دھیان سے کرانا ہے۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔