پاکستان چیمبر آف کامرس نے شرح سود میں 2 فیصد کمی ناکافی قرار دیدی

شرح سود کو فوری طور پر 12 فیصد تک لانا چاہیے، صدر ایف پی سی سی آئی


Business Reporter September 12, 2024
شرح سود کو فوری طور پر 12 فیصد تک لانا چاہیے، صدر ایف پی سی سی آئی

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان بھر کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری مانیٹری پالیسی سے مایوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی افراط زر کی بہ نسبت ابھی بھی بھاری پریمیم پر مبنی ہے۔ اگرچہ ایف پی سی سی آئی 200 بیسس پوائنٹ یا 2 فیصد کی کمی کو ویلکم کرتی ہے؛ لیکن یہ کمی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ہو نے والی اشیاء کی قیمتو ں میں گرا وٹ کے مقابلے میں بہت نا کافی اوربہت وقت ضائع کرنے کے بعد کی گئی ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے نشاندہی کی کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (PBS) کے ذریعے حکومت کے اپنے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اگست 2024 کے دوران پاکستان میں بنیادی مہنگائی کی شر ح 9.6 فیصد تک پہنچ گئی۔ لہذا، بنیادی افراط زر کے مقابلے میں موجودہ شرح سود میں کمی کے بعد بھی حقیقی سود کی شرح 790 بیسس پوائنٹ سے پلس ہے؛ جو کہ ایک کاروبار مخالف اور معا شی ترقی کے مخالف عمل ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ مارکیٹ کے اندازوں کے مطابق ستمبر 2024 کے لیے بنیادی افراط زر تقریباً 8.0 فیصد کے قریب ہونے جا رہا ہے۔مزید برآں، تیل کی بین الاقوامی قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں اوررواں ہفتے کے دوران 70 ڈالر فی بیرل سے کم ہوگئی ہیں۔لہذا، حکام کے پاس شر ح سود میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کرنے کے لیے تمام ضروری لوازمات موجود تھے۔ لیکن پھر بھی رجعت پسند، غیر پیداواری اور معا شی سرگرمیوں پر منفی اثر انداز ہونے والی ما نیٹری پالیسی کو جاری رکھا گیا۔

عاطف اکرام شیخ نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ اقتصادی ترقی کی شاہر اہ پر دوبارہ گامزن ہونے کا واحد قابل عمل حل صنعتوں اور برآمدات کو سپورٹ کرنا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے واضح کیا کہ شرح سود کو فوری طور پر 12 فیصد تک لانا چاہیے؛ تاکہ پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے کسی حد تک سرمایہ کی لاگت کو بامعنی انداز میں کم کر کے علاقائی اور بین الاقوامی برآمدی منڈیوں میں مقابلہ کر نے کے قابل بنایا جا سکے۔ یہ ا قدام صنعت کے لیے بجلی کے نرخوں کو معقول بنانے کے حکومتی وعدے کی تکمیل کے ساتھ ہونا چاہیے اور آزاد پاور پروڈیوسرز (IPPs) کے پاور پرچیز ایگریمنٹس (PPAs) پر دوبارہ گفت و شنید کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے۔

یونائیٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویرنے وضاحت کی کہ 2022 اور 2023 میں 6 سہ ماہیوں کے دوران پالیسی ریٹ کی شرح میں 9.75 فیصد سے 22 فیصد تک بڑے اضافے کے باوجود افراط ز بہت زیادہ رہا اور ما نیٹری پا لیسی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمیں اپنی ما نیٹری اوربجٹ پالیسیاں اپنے زمینی حقائق کی بنیاد پر بنانی چاہئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں