اقوام متحدہ کا اپنی ایجنسیوں کیلیےسازگارماحول فراہم کرنے پرحکومت سندھ کی کوششوں کا اعتراف
وزیراعلیٰ سندھ سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہومنیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحیٰ کی ملاقات، منصوبوں پر تبادلہ خیال
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اقوام متحدہ کی ریزیڈنٹ اینڈ ہومنیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، اس دورا صوبے میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کےلیے حکومت سندھ اور اقوام متحدہ کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کوآرڈینیٹر محمد یحیٰ نے پائیدار ترقی کےلیے تعاون کے فریم ورک کے تحت سندھ میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور پارٹنرز کےلیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر حکومت سندھ کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کےلیے تعاون کا فریم ورک اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ ہے جو ملکی ترقی کے اہم شعبوں سے جڑا ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے صوبائی سطح پر فریم ورک پر عملدرآمد کی نگرانی اور رہنمائی کےلیے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی ہے۔ اقوام متحدہ نے پاکستان میں پانچ ترجیحی شعبوں کی بہتری کےلیے4 ارب70 کروڑ ڈالر مہارت اور وسائل کیلیے مختص کیے ہیں۔ ترجیحی شعبوں میں بنیادی سماجی خدمات ، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات، صنفی برابری اور خواتین کی خودمختاری ، ہمہ جہت معاشی ترقی اور گورننس شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ اور اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے سندھ میں ہمہ جہت معاشی ترقی اور تحفیف غربت کی طویل مدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سندھ میں صحت، تعلیم، فراہمی روزگار، غربت میں کمی، غذائیت، چھوٹے کاروبار کی ترقی ، موسمی اثرات سے ہم آہنگ زراعت اور پانی کے انتظام کے کئی منصوبے چل رہے ہیں۔