اسلام آباد ایئرپورٹ پر عمرہ ویزے کی آڑ میں اٹلی جانے والے 13 مسافر سہولتکار سمیت گرفتار
ملزمان نے سعودی عرب سے لیبیا اور اٹلی جانے کی کوشش کرنا تھی، ترجمان ایف آئی اے
عمرہ ویزے کی آڑ میں اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے 13 مسافروں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کے سہولت کار اسد اقبال سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمرہ ویزے کی آڑ میں 13 مسافروں کی لیبیا اور اٹلی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ملزمان نجی ایئر لائن کی پرواز فلائٹ نمبر 807 سے سعودیہ جارہے تھے شک کی بنیاد پر ملزمان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے سعودی عرب سے لیبیا اور اٹلی جانے کی کوشش کرنا تھی دوران تفتیش ملزمان کے موبائل فونز سے ایجنٹوں سے رابطے کے ثبوت بھی برآمد کر لیے گئے۔
گرفتار ملزمان میں احتشام، عادل، شہریار، علی حمزہ، مراد، سلیمان، حیات اللہ، بلال، سخاوت، وسیم عباس، شہزاد، عامر سہیل، واقف خان اور سہولتکار اسد اقبال شامل ہیں
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق پشاور، اٹک اور سیالکوٹ سے ہے جو سمیر قیوم نامی مرکزی ایجنٹ سے رابطے میں تھے مذکورہ ایجنٹ لیبیا میں رہائش پزیر ہے ملزمان نے مختلف ایجنٹوں کو غیر قانونی طریقے سے لیبیا سے اٹلی جانے کے لیے بھاری رقوم ادا کی ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام اباد منتقل کر دیا گیا۔