سندھ میں بارشوں سے 20 ہزار اسکول متاثر ہوئے ہیں وزیر تعلیم

ہمارے 20 لاکھ بچے مشکل حالات میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، اسکولز کی عمارتیں بیٹھنے کے قابل نہیں، سردار علی شاہ


Staff Reporter September 14, 2024
فوٹو: فائل

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بارشوں سے 20 ہزار اسکول متاثر ہوئے ہیں۔

میریٹ ہوٹل کراچی میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید سردار علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے چند ماہ پہلے جس ایجوکیشن ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تھا اس ضمن میں ابھی تک کچھ بھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس اقدام سے تعلیم کی بہتری کے لیے صوبوں سے کیا تعاون کیا جا رہا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ ایجوکشن ایمرجنسی کے اعلان سے پہلے ہم سے کوئی مشاورت بھی نہیں کی گئی۔ سندھ میں بارشوں کی وجہ سے 20 ہزار اسکولز متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہمارے 20 لاکھ بچے مشکل حالات میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، اسکولز کی عمارتیں بیٹھنے کے قابل نہیں ہیں۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل حیرت ہے کہ وفاق کی طرف سے ایجوکیشن ایمرجنسی کا فیصلہ تو کرلیا گیا ہے مگر ملک کے 26 ملین آئوٹ آف اسکول بچوں کے لیے بھی کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کے بچوں کو اس ملک کا بچہ سمجھ کر سیلاب متاثرہ اسکولز کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے، امید ہے وفاق کی طرف سے برسات متاثرہ اسکولز کی بحالی کے لئے جو وعدے کیے گئے ہیں ان پر عمل درآمد جلد ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں