وزارت تجارت ہاؤسنگ سمیت مزید 5 وزارتوں ڈویژنز کی رائٹ سائزنگ کا فیصلہ

رائٹ سائزنگ کمیٹی کا اجلاس اسی ماہ متوقع ہے جس میں رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا


Irshad Ansari September 15, 2024
(فوٹو: فائل)

وفاقی حکومت نے غیر ضروری اخراجات میں کمی کیلیے وزارتوں ،ڈویژنوں اور اداروں کی رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے کے تحت وزارت تجارت،وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس سمیت مزید 5 وزارتوں و ڈویژنوں کی رائٹ سائزنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رائٹ سائزنگ کمیٹی کا اجلاس اسی ماہ متوقع ہے جس میں رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق رائٹ سائزنگ پالیسی کے دوسرے مرحلے کے تحت جن پانچ وزارتوں اور ڈویژنوں کی رائٹ سائزنگ کی جائے گی ان میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت تجارت، نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس شامل ہیں، اس کے علاوہ وزارت صنعت و پیداوارکے تحت کام کرنے والے چار ادارے بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے غیر ضروری اخراجات میں کمی کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کے جن چار اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں نیشنل پروڈکٹویٹی آگنائزیشن(این پی او)،پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر(پی آئی ٹی اے سی)،ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی(ٹی یو ایس ڈی ای سی) اور کراچی ٹولز،ڈائز اینڈ مولڈ سنٹر(کے ٹی ڈی ایم سی)شامل ہیں۔

مزید برآں پاکستان انجیئرنگ کمپنی(پیکو)،ریپبلک موٹرز لمیٹڈ(آر ایم ایل)، سندھ انجیئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ(ایس ای ایل) اور اسٹیٹ انجیئرنگ کارپوریشن(ایس ای سی)پر مشتمل سمیت چار اداروں کی نجکاری کی جائے گی ،ان چاروں اداروں کی پہلے مرحلے میں نجکاری کی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں