کراچی کیماڑی میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر

ہیلپ لائن پر کال کرنے پر بتایا گیا چند لوگوں کی جانب سے بل کی عدم ادائیگی پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، درخواستگزار


کورٹ رپورٹر September 16, 2024
(فوٹو: فائل)

کیماڑی میں 18 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر کردی گئی۔

سیشن عدالت غربی میں ایڈووکیٹ حسن بانو کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سی ای او، ڈائریکٹر اور جی ایم کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے کیماڑی کے علاقے مسان چوک میں 18 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ ہیلپ لائن پر کال کرنے پر بتایا گیا چند لوگوں کی جانب سے بل کی عدم ادائیگی پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مساجد اور گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ خواتین کا گھروں کا کام کاج کرنا محال ہوگیا ہے۔ بچوں کو اسکول کا ہوم ورک مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے علاقے میں جرائم کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کے الیکٹرک حکام خود کو قانون سے بالاتر سمجھ رہے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ جیکسن کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمہ درج نہیں کر رہے۔ درخواستگزار کا بیان ریکارڈ کرکے کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں