ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی کھلاڑیوں کیلیے فی 100 ڈالر انعام کا اعلان
ایونٹ کے دوران زخمی ہونے والے کھلاڑی ابوبکر محمود کا علاج کرانے کا بھی اعلان
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹیم آفیشل اور کھلاڑیوں کو 100، 100 ڈالر کیش پرائز دینے کا اعلان کر دیا۔
ایونٹ کے دوران زخمی ہونے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی ابوبکر محمود کے لیے پی ایچ ایف کی جانب سے تمام سہولتوں کے ساتھ علاج کرانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ٹیم کا کھلاڑی غضنفر علی جن کے والد گزشتہ دو دن قبل رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے، انہوں نے پاکستان کی خاطر ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ تمام کھلاڑیوں نے بشمول ہمارے ہیرو آف دی میچ محمد سفیان خان نے اپنا میڈل اور جیت غضنفر علی کے نام کی۔
مزید پڑھیں؛ پاکستان نے 8سال بعد ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا
میر طارق حسین بگٹی نے کہا کہ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو قابل دید بھی ہے، ہم سب مل کر اسی جذبے کے ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور مستقبل میں بہترین انداز میں ملک و قوم کا نام اونچا کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی؛ چین پاکستان کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ مجموعی طور پر ایونٹ میں کھلاڑیوں نے بھارت سمیت تمام ٹیموں کیساتھ بھرپور انداز میں مقابلہ کیا جو کہ قابل ستائش ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ براؤنز میڈل حاصل کرنے پر ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ مستقبل میں ہماری ٹیم اس سے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکے۔