فالکن سمیت نایاب پرندوں کے غیرقانونی شکار اور خریدوفروخت میں ملوث 32 افراد گرفتار

غیر قانونی شکار کرنے والے شکاریوں سے برآمد کئے جانیوالے جنگلی پرندے عدالتی حکم پر آزاد کر دیے گئے


آصف محمود September 25, 2024
فوٹو- فائل

پنجاب کے مختلف علاقوں میں فالکن سمیت نایاب جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار اور خریدوفروخت میں ملوث 32 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتارملزمان کو دولاکھ 75 ہزار روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق غیر قانونی شکار کرنے والے شکاریوں سے برآمد کئے جانیوالے جنگلی پرندے عدالتی حکم پر آزاد کر دیے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن غلام رسول کی سربراہی میں جنگلی پرندے فروخت کرنیوالے 6 افراد گرفتار کیے گئے اور ان کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف منڈی بہاؤالدین سید عثمان الحسن نے فالکن کے دو شکاریوں کو گرفتار کرکے 60ہزار جرمانہ کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سلیم اختر لنگاہ کی سربراہی میں ساہیوال ریجن اسپیشل اسکواڈ نے دریائے ستلج کے علاقے سے فالکن کے چار شکاری گرفتار کرکے انہیں 80ہزار روپے جرمانہ کیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر بہاولنگر منور حسین نجمی نے تین شکاری بٹیر گرفتار کرکے 20ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نارووال نے خونخوار کتوں کے ساتھ جنگلی جانوروں کے شکار میں ملوث چھ شکاری گرفتار کرکے 48ہزار جرمانہ کیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجن پور ،مظفر گڑھ اور بھکر نے 8 شکاری فالکن اور ایک بٹیر گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔