کراچی چالان کرنے پر ضلعی اور ٹریفک پولیس افسران کے درمیان جھگڑا
ضلعی پولیس افسر کے بیٹے کی گاڑی کو فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے پر روکا گیا تھا
کلفٹن تین تلوار پر چالان کرنے پر ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس افسران کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ٹریفک پولیس افسر نے بوٹ بیسن تھانے میں تعنات اے ایس آئی ملک گلزار کے بیٹے کی گاڑی کو فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے پر روکا تھا لیکن گاڑی کا چلان کرنے پر پولیس افسر اے ایس آئی گلزار موقع پر پہنچ گیا۔
ضلعی پولیس کے اے ایس آئی گلزار نے ٹریفک اے ایس آئی سلمان ظفر سے چلان کرنے پر بدتمیزی کی۔
ویڈیو میں ضلعی پولیس افسر کی جانب سے ٹریفک پولیس افسر کو دھکے دیتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ٹریفک پولیس افسر سلمان ظفر کی وردی پر باڈی کیمرا بھی لگا دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹریفک پولیس ساؤتھ کے حکام کی جانب سے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران کو واقعے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس افسران کے درمیان جھگڑے کا واقعہ فیریئر تھانے کی حدود میں چند روز قبل پیش آیا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔