ستمبرمیں مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پرآگئی ادارہ شماریات
ستمبر میں مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی
ملک میں گذشتہ ماہ(ستمبر) کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور سالانہ بنیادوں پر ستمبر میں مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد پر آگئی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ(ستمبر)کے دوران ملک کے شہری علاقوں میں مہنگائی 9.3 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.6 فیصد پر آگئی۔
اگست 2024 میں مہنگائی 9.6 فیصد، ستمبر 2023 میں 31.4 فیصد تھی، ستمبر 2024 میں مہنگائی حکومتی اندازوں سے بھی کم سطح پر آگئی ہے، حکومت نے ستمبر اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں 0.52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 6.93 فیصد پر آگئی ہے۔