اقتصادی رابطہ کونسل دفاعی منصوبوں کیلیے 45 ارب کی ضمنی گرانٹ منظور
کمیٹی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی تیار ویکسین کی قیمت بڑھا کر 1980 روپے فی وائل کرنے کی منظوری دیدی
وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈیفنس ڈویژن کے منظور منصوبوں کیلیے 45 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔
اجلاس میں مقامی سطح پر تیار اینٹی ریبیز ویکسین کی فی وائل قمیت بڑھانے، اینٹی نارکوٹکس فورس ملازمین کے خصوصی الائونس میں اضافے اورکوپ 29 کی تیاری کیلیے 15 کروڑ روپے کے سپلیمنٹری گرانٹ کی تجاویز پر منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیڈرل جنرل ہسپتال چک شہزاد اسلام آباد میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات پر غور ہوا، کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں استعمال ہونیوالی اینٹی ریبیز ویکسین نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے تیار کی، اس کی قیمت 891.65 روپے جبکہ عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین کی قیمت 2126.40 روپے اور غیر منظور شدہ ویکسین 1266.14 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
کمیٹی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی تیار ویکسین کی قیمت بڑھا کر 1980 روپے فی وائل کرنے کی منظوری دیدی تاکہ ادارہ درآمدی اخراجات پورے کر سکے۔
اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس ملازمین کے الائونسز دیگر قانون نافذ کرنیوالے وفاقی اداروں کے برابر کرنے کی بھی منظوری دی۔ کمیٹی نے نومبر میں آذربائیجان میں ہونیوالی کوپ 29 کانفرنس کے اخراجات کیلئے 15کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔