کراچی میٹرک سائنس کے نتائج کا اعلان27 سال بعد سرکاری اسکول کی پہلی پوزیشن

دہلی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے طالب علم حافظ عبدالرافع طارق نے 94.55 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی


Safdar Rizvi October 04, 2024
فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک سائنس کے سالانہ امتحانات سال 2024 کے نتائج جاری کردیے، بورڈ کے قائم مقام ناظم ظہیر الدین بھٹو کے دستخط سے جاری نتائج کے مطابق 27 سال بعد امتحانات میں پہلی پوزیشن سرکاری اسکول نے حاصل کی ہے۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے جاری نتائج کے مطابق دہلی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کریم آباد کے طالب علم حافظ عبدالرافع طارق ولد طارق محبوب نے 1100 میں سے 1040 مارکس لے کر 94.55 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے دوسری اور تیسری پوزیشنز نجی اسکولوں کی طالبات نے حاصل کیں۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق 27 سال بعد اب کسی سرکاری اسکول نے میٹرک میں پوزیشن لی ہے، اس سے قبل 1996 میں اسی تعلیمی ادارے دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول نے بطور سرکاری اسکول آخری بار میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن لی تھی جس کے بعد سرکاری اسکول میں اکیڈمک زوال شروع ہوا اور پوزیشنز مسلسل نجی اسکول اپنے نام کرتے رہے۔ واضح رہے کہ جس طالب علم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اس کے والد خود بھی دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول میں ریاضی کے استاد ہیں۔

دوسری پوزیشن الخلیل ماڈل اسکول ملیر کی طالبہ رومیسہ عمران بنت محمد عمران نے 1037 مارکس لے کر 94.27 نمبرز کے ساتھ حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن لٹل فوکس اسکول نارتھ ناظم آباد کی رخسار بنت عبداللہ نے 1025 نمبر لے کر 93.18 مارکس کے ساتھ حاصل کی۔

میٹرک سائنس گروپ کے امتحانات میں کل 1 لاکھ 63 ہزار 12 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، امتحانات میں 933 امیدوار غیر حاضر رہے اور 1 لاکھ 62 ہزار 26 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 1 لاکھ 31 ہزار 614 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 81.24 فیصد رہا۔

جاری کردہ نتائج کے مطابق کل 23 ہزار 943 امیدوار اے ون گریڈ سے کامیاب ہوئے، 45 ہزار 357 امیدوار اے گریڈ ، اور 37 ہزار 595 امیدوار بی گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔ 20 ہزار 837 امیدوار سی گریڈ اور 4 ہزار 31 امیدوار ڈی گریڈ جبکہ 25 امیدوار ای گریڈ سے کامیاب ہوئے۔

امتحانات میں کل 76ہزار 831 طالبات اور 85ہزار 195 طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 63ہزار767 طالبات اور 67ہزار 847 طلبہ کامیاب ہوئے۔

8ہزار 327 طلبہ جبکہ 15ہزار616 طالبات نے اے ون گریڈ سے امتحان پاس کیا اسی طرح 22ہزار طلہ ااور 23ہزار357 طالبات نے اے گریڈ حاصل کیا۔

21ہزار 99 طلبہ اور 16ہزار 496 طالبات نے بی گریڈ لیا جبکہ 14ہزار 416 طلبہ اور 7 ہزار 421 طالبات سی گریڈ میں کام یاب ہوئیں۔

 

تبصرے (1)

Alishba sajjad | 6 دن قبل | Reply Asallamu alikum Mera result check kr ka btaye Kiya aya hai roll number 517018 ha ai
کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں