پنجاب میں مہمان پرندوں کا غیرقانونی شکارعروج پرپہنچ گیا31 شکاری گرفتار
پنجاب وائلڈلائف نےلائسنس یافتہ شکاریوں کو صرف اتوار کے روز شکار کی اجازت دے رکھی ہے
پنجاب میں مہمان پرندوں کا غیرقانونی شکارعروج پر پہنچ گیا۔ وائلڈلائف حکام نے ایک نر بھیڑیا اور چنکارہ ہرن کا بچہ ریسکیو کرنے سمیت 31 غیرقانونی شکاریوں کو گرفتار کرلیا۔
پنجاب وائلڈلائف کی طرف سے اتوار کے روز قانونی شکار کی اجازت کے باوجود صوبے کے مختلف علاقوں میں مختلف اقسام کے پرندوں کے بڑے پیمانے پر غیرقانونی شکار کی بھی اطلاعات ہیں۔ وائلڈلائف حکام نے ایک نر بھیڑیا اور چنکارہ ہرن کا بچہ ریسکیو کرنے سمیت 31 غیرقانونی شکاریوں کو گرفتا کرلیا۔
پنجاب وائلڈلائف نے یکم اکتوبر سے 31 مارچ تک پرندوں کے شکار سیزن کا اعلان کررکھا ہے، لائسنس یافتہ شکاریوں کو صرف اتوار کے روز شکار کی اجازت ہے۔
اتوار کے روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں جہاں شکاریوں نے بڑی تعداد میں قانونی شکار کیا وہیں غیرقانونی شکاریوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر پرندوں اور جنگلی جانوروں کا شکار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، دوسری طرف پنجاب وائلڈلائف کی ٹیمیں بھی متحرک رہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہورریجن ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف لاہور ریجن نے لاہور کے مضافاتی گاؤں سے ایک نر بھیڑیا ریسکیو کرکے بحفاظت بہاولپور چڑیا گھر منتقل کردیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف محمد عمران نے میانوالی میں چنکارہ ہرن کا بچہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر ملزم کو ایک لاکھ 45 ہزار جرمانہ عائد کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد ریجن عامر خان نیازی نے فالکن کے 3 شکاریوں کا چالان عدالت میں پیش کیا، عدالت نے 3لاکھ جرمانہ کیا تاہم تینوں ملزمان کو عدم ادائیگی جرمانہ پر ایک ماہ کیلیے جیل بھیج دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سرگودھاریجن عروج ظہیر نے فالکن کے 5 شکاریوں کو 95 ہزار جرمانہ کیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف حافظ آباد حنیفہ یوسف نے فالکن کے دو شکاریوں کو 30 ہزار جرمانہ کیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ساہیوال سخی محمد جوئیہ نےفالکن کے ایک شکاری کو 16ہزار جرمانہ کیا ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے ایک غیر قانونی ڈیلر بٹیر کو20 ہزار جرمانہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گجرات ریجن ارفع بتول نے بٹیر کے ایک شکاری کا چالان کر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف جھنگ اکرم شاہدنے فالکن کے دو اور بٹیر کے ایک شکاری کا چالان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف لیہ نعیم طاہر نے فالکن کے تین شکاریوں کا چالان کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد نمرہ رشید نے ممولوں کے 5کریٹ برآمد کرکے 2 ملزمان کا چالان عدالت میں پیش کیا عدالت نے 20ہزار جرمانہ کر کے تمام ممولے قدرتی ماحول میں آزاد کردیے۔