کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکا 3 غیرملکی جاں بحق 17 زخمی
واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے، دہشت گردوں نے ایک کار کو نشانہ بنایا جس میں غیر ملکی سوار تھا، وزیر داخلہ سندھ
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 3 غیر ملکی جاں بحق جبکہ 17 شہری زخمی ہوگئے، تین گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی، اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بھجانے میں مصروف ہوگئیں۔
ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ٹینکر اور گاڑیوں کی آگ بجھادی گئی، دھماکے کے بعد شارع فیصل ایئر پورٹ کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ٹریفک پولیس بحال کرانے کی کوشش میں مصروف ہوگئی۔
ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور10 افراد زخمی ہوئے، ہلاک شخص و زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں 3 سیکیورٹی، 2 رینجرز و ایک پولیس اہلکار، ایک غیر ملکی اور دیگر تین افراد شامل ہیں، غیر ملکی کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے دہشت گردوں نے نشانہ ایک کار کو بنایا ہے جس میں غیر ملکی سوار تھا جو زخمی ہوا ہے، دھماکے کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ہر زاویے سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے دہشت گردوں کا ہدف غیر ملکی گاڑی تھی جسے نشانہ بنانا تھا، واقعے کے بعد صوبائی وزیرداخلہ، آئی جی سندھ ودیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے بھی احکامات دیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تین غیر ملکیوں کی شناخت کر لی گئی جاں بحق ہونے والوں میں لی جون ، وہ چون زن اور لی زہااو شامل ہیں۔