آئی سی وی ایم مشن رپورٹ میں بڑی کامیابی ملی ہے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی

اکاؤ، یورپ، جنوبی ایشیا ایوی ایشن پارٹنرشپ اور برطانوی اسٹیٹ سیفٹی پروگرام کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، ڈی جی سی اے اے


آفتاب خان October 06, 2024
سی اے اے نے اکاؤ مشن رپورٹ پر بیان جاری کردیا—فوٹو: فائل

پاکستان سول ایویشن اتھارٹی(سی اے اے) نے کہا ہے کہ جون 2024 میں آنے والے اکاو (آئی سی وی ایم) مشن رپورٹ میں بڑی کامیابی ملی اور 7 مختلف شعبوں میں اقدامات کو مؤثر قرار دیا گیا ہے۔

سی اے اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی وی ایم مشن نے7 شعبوں فلائٹ اسٹینڈرڈز، لائسنسنگ، ایئر وردینس، ایئر نیویگیشن، اے جی اے، آرگنائزیشن اور لیگل میں اقدامات کو مجموعی طور پر 84.41 فیصد مؤثر قرار دیا گیا ہے، اس سے پہلے سی اے اے نے 2021 میں یو ایس او اے پی میں سگنفکنٹ سیفٹی کنسرن کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کی تھی اور اس آڈٹ میں سول ایویشن اتھارٹی نے مجموعی طور پر 70.39 فیصد مؤثر عمل درآمد (EI) کا سکور حاصل کیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اکاو (یو ایس او اے پی) 2021 آڈٹ میں ریاست کے حفاظتی نگرانی کے نظام کے 8 اہم عناصر کا آڈٹ ہوا تھا، اہم کامیابی پوری سول ایویشن اتھارٹی ٹیم کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔

مشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ اکاو کوارڈینیڈڈ ویلیڈیشن مشن 5 سے 12 جون 2024 تک جاری رہا تھا، اکاو (آئی سی وی ایم) مشن، اکاو (یو ایس او اے پی) 2021 میں ہونے والے آڈٹ کا فالو اپ وزٹ کہلاتاہے، آئی سی وی ایم مشن کا مقصد پاکستان کی طرف سے پہلے سے شناخت شدہ نکات کےحل کے لیے کیےگئے اصلاحی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

سی اے اے نے بتایا کہ ان اقدامات میں سگنفکنٹ سیفٹی کنسرن امور سے متعلق اٹھائے گیے اقدامات بھی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے تمام ریگولیٹری شعبوں کے ڈائریکٹرز اور ٹیموں کو شان دار نتائج پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے ملک اور پی سی اے اے کو عمدہ اسکور کرنے والے رکن ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے، طریقہ کار اور مقررہ وقت کی تکمیل کے بعد نتائج اکاؤ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔

ڈی جی سی اے اے کا کہنا تھا کہ یہ اہم پیش رفت اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ پاکستان میں سول ایوی ایشن کا نظام اکاؤکے اہم عناصر سے ہم آہنگ ہے، یہ کامیابی عالمی ایوی ایشن کمیونٹی میں پاکستان اور سی اے اے کے تشخص کو مزید اجاگر کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی 2024 میں ہی پاکستان نے اکاو (ہو ایس اے پی) سیکیورٹی آڈٹ میں 86.73 فیصد اسکور حاصل کیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک میں ایوی ایشن کے اعلیٰ ترین حفاظتی معیار پر عمل درآمد کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اکاؤ، یورپ، جنوبی ایشیا ایوی ایشن پارٹنرشپ اور برطانوی اسٹیٹ سیفٹی پارٹنرشپ پروگرام کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، سول ایویشن اتھارٹی ہنرمند ایوی ایشن پروفیشنلز کے ذریعے نگرانی کو مزید مضبوط اور ایوی ایشن سیکٹر میں سیفٹی کلچر کو فروغ دینے پر کام جاری رکھے گی۔

ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ مسلسل تعاون اور سول ایویشن اتھارٹی کے مستقبل کے لیے کوششوں کے لیے وزارت ہوا بازی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں