خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

قینچی خریدنا
جمیلہ چشتی، مریدکے
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی امی کے ساتھ شاپنگ کرنے کسی بازار آئی ہوئی ہوں اور وہاں چیزیں لیتے لیتے میں ایک قینچی بھی خرید لیتی ہوں اور اپنی امی کو دے دیتی ہوں کہ اس کو سنبھال کے رکھ لیں ۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تعلیمی و کاروباری معاملات میں بھی رکاوٹ ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد یاحی یاقیوم کی تسبیح پڑھا کریں ۔

جنگل سے گزرنا
احمد یار ، ڈیرہ غازیخان
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک پہاڑی علاقے میں ہوں اور کسی جنگل سے گزر رہا ہوں۔ وہاں مجھے ایک جھلک شیر کی دکھائی دیتی ہے ۔ جس کو دیکھ کر میں بالکل بھی نہیں ڈرتا بلکہ آگے ہو کر اس کو دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ کدھر کو جا رہا ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کسی بھی مشکل کام کو اچھے طریقے سے سر انجام دے دیں گے۔ اس کے علاوہ بھی مشکلات کو تدبیر سے حل کر لیں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

مچھر اور مکھیاں
عمران علی، کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکلتا ہوں، شائد میں کچھ خریدنے جا رہا ہوں ۔ راستے میں کچھ دوست مل جاتے ہیں۔ میں کافی خوش ہوتا ہوں اور ہم باتیں کرتے ایک میدان میں جا نکلتے ہیں ۔ میں وہاں ایک جگہ بیٹھ جاتا ہوں ۔ ادھر کافی رش ہوتا ہے اور دوکانیں ہوتی ہیں ۔ میں سوچتا ہوں کہ چلو آگے سے لے لوں گا ۔ اتنی دیر میں بہت سی مکھیاں و مچھر ادھر آ جاتے ہیں ۔ اتنے زیادہ ہوتے ہیں کہ میں پریشان ہو جاتا ہوں۔ پاس ہی مجھے ایک کپڑا نظر آتا ہے تو میں اسی سے ہی دائیں بائیں مارتا ہوں تو وہ بھاگ جاتے ہیں۔اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو اپنی کچھ نا پسندیدہ باتوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کی وجہ سے آپ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں اور ان کے اخلاق حسنہ کو اپنانے کی کوشش کریں ۔

انواع و اقسام کے کھانے
عبدالہادی ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ایک گھر ہے، بہت بڑا اور میں ادھر جاتا ہوں۔ وہاں انواع و اقسام کے بہت زیادہ کھانے ہیں ۔ میں کبھی ایک کھانے کو چکھتا ہوں اور کبھی کسی دوسری ڈش کو کھاتا ہوں ۔ ایک دوسری میز پہ کچھ غبارے پڑے ہوتے ہیں۔ اچانک میں دیکھتا ہوں کہ میرا پیٹ بھی غبارے کی طرح پھولنا شروع ہو جاتا ہے ۔ پھولتے پھولتے یہ بہت بڑا ہو جاتا ہے اور پھٹ جاتا ہے ۔

تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو معدہ کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور سونے سے پہلے ہلکی چہل قدمی کریں ۔ ساتھ یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

مٹھائی بانٹنا
سعیدہ خان، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ جن بچیوں کو میں قرآن پڑھاتی ہوں وہ میرے گھر آئی ہیں۔ میں صحن میں بیٹھی ہوں ۔ میں نے اور سارے شاگردوں نے سفید کپڑے پہنے ہیں ۔ اور ہم شیرینی کے برتنوں میں سے مذید چھوٹی پلیٹوں میں نکال رہے ہیں ۔ اور پھر ہم اس کو بانٹنے جاتے ہیں ۔ میری ایک شاگرد مجھے بھی ایک مٹھائی دیتی ہے۔ وہ بے حد مزے دار ہوتی ہے۔ میں بہت خوشی سے اس کو کھاتی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے اللہ تعالی کی رحمت اور برکت سے رزق میں اضافہ ہونے کی طرف اشارہ ہے ۔ آپ کا ذھنی رجحان اللہ تعالی کی طرف رہے گا اور قرآن کی تعلیم آپ دیتی ہیں، اس کو جاری رکھئے تا کہ گھر میں خوشی و سکون حاصل ہو ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو بے وضو یاحی یاقیوم پڑھا کریں ۔

امی کے ساتھ چوڑیاں خریدنا
حسینہ نزہت، راولپنڈی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی امی کے ساتھ بازار میں ہوں اور چوڑیاں خرید رہی ہوں ۔ پھر میں دیکھتی ہوں کہ میں چوڑیاں پہنے کسی جگہ پہ موجود ہوں ۔کام کرتے کرتے بازو دیوار کے ساتھ لگتا ہے تو کافی زیادہ چوڑیاں ٹوٹ جاتی ہیں ۔ میں بہت دکھی ہوتی ہوں ۔

تعبیر: خواب سے ظاہر ہے کہ کوئی دلی مراد پوری ہو گی مگر اس کے ساتھ ساتھ کسی پریشانی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔

بلی کو جوتی مارنا
شیر خان پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور اپنے کمرے میں لیٹا ہوا ہوں۔ ادھر ایک کالی بلی آتی ہے اور الماری میں گھسنے کی کوشش کرتی ہے ۔ میں بہت ڈراتا ہوں مگر وہ مجھے اپنی آنکھوں سے سخت گھورتی ہے۔ میں ڈر جاتا ہوں پھر ہمت کر کے جوتی دے مارتا ہوں اور پھر وہ بھاگ جاتی ہے ۔

تعبیر: خواب کسی پریشانی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ نا کرے کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس کا تعلق خاندان کاروبار یا تعلیمی معاملات سے بھی ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کر سکیں ۔

خود کو بوڑھا دیکھنا
بلال احمد، کوئٹہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک بوڑھا آدمی بن چکا ہوں اور کسی جگہ پہ خاندان کے مختلف افراد کے ساتھ بیٹھا ہوں ۔ سب لوگ میری خوب آو بھگت کر رہے ہیں اور بہت عزت و احترام سے پیش آ رہے ہیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل سے مرتبہ بلند ہو گا اور عزت و توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

شادی میں شرکت
حورین علی،کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں شادی پہ گئی ہوں اور ادھر اپنے بیٹے کو تلاش کر رہی ہوں ۔ تھوڑی دیر بعد مجھے وہ مٹھائی کھاتا ہوا مل جاتا ہے ۔ میں بہت خوش ہوتی ہوں اور اس کو لے کر سب کے پاس بیٹھ جاتی ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اللہ کی طرف سے کسی مدد کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہ ترقی کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی بھی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں۔

ننگے پائوں چلنا
شافع محمد، کوئٹہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ننگے پاوں کسی جگہ چلتا جا رہا ہوں ۔ راستہ کافی گندگی والا ہے اور میں گندگی سے بچ کر چلنے کی کوشش کرتا ہوں ۔ اس کے باوجود میرے پاوں اس میں لتھڑ جاتے ہیں اور میں پانی تلاش کرنے کی کافی کوشش کرتا ہوں کہ کسی طرح اس سے نجات حاصل کر سکوں ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے ۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

انگور بانٹنا
شہرام خان، چمن
خواب: میں نے دیکھا کہ میرے ایک دوست نے مجھے اپنے فارم سے بہترین رس بھرے انگور بھیجے ہیں جو میں اپنے ہمسائیوں کو بھی بانٹتا ہوں ۔ سب لوگ اس کے ذائقے کی تعریف کرتے ہیں ۔ میں اس کو اپنے والدین کو بھی بھیجنے کے لئے الگ کر لیتا ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

باغ اجڑنے پر اداسی
مہرین بانو، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرا سر سبز باغ بالکل اجڑا سا ہے کوئی بھی درخت سالم نہیں رہتا، کیاریوں میں پھول یا بیلیں بھی باقی نہیں ہیں۔ میں یہ سب دیکھ کر کافی اداس ہوتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ کسی دوسرے مالی کو بلا کر لاوں اور دوبارہ سب کچھ لگوائوں ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

بھیک نہیں ملتی
انیسہ رحمٰن، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں پھر رہی ہوں اور میرے ہاتھ میں ایک باجا نما چیز ہے جو میں بجا کر پیسے لینا چاھتی ہوں مگر کوئی بھی مجھے پیسے نہیں دیتا ، تنگ آ کر میں ادھر ادھر دیکھنا شروع کر دیتی ہوں کہ شاید مجھے کہیں سے کچھ گرے ہوئے پیسے مل جائیں ۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

گھر میں کالا کتا داخل ہونا
عابدہ خانم، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے باغ میں چہل قدمی کر رہی ہوں اور اچانک گیٹ سے کوئی کالا سیاہ کتا اندر آ جاتا ہے ۔ میں تیزی سے آگے بڑھتی ہوں کہ اس کو باہر نکالوں مگر وہ بجلی کی سی تیزی سے گھر کے اندرونی حصے کی طرف چلا جاتا ہے۔ اندر جا کے وہ کچن میں جگہ جگہ برتنوں کے اوپر سے گزرتا ہے اور ہر چیز کو گراتا چلا جاتا ہے ۔ میں ایک جھاڑو اٹھا کے اس کو باہر نکالنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہوتی ہوں ۔ اس کے ساتھ ساتھ مجھے یہ پریشانی ہوتی ہے کہ اب میں کیسے یہ سب صاف کروں گی۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

بھیڑیا حملہ کرتا ہے
حمزہ خان، پشاور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی ویران پہاڑی علاقے سے گزر رہا ہوں ۔ اچانک گاڑی کے سامنے ایک. بھیڑیا آ جاتا ہے۔ بریک لگاتے لگاتے بھی گاڑی اس،سے ٹکرا جاتی ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ شائد وہ مر گیا ہے۔ میں جلدی سے اتر کے اس کو دیکھتا ہوں ایک نظر میں مجھے وہ مردہ لگتا ہے، مگر جیسے ہی میں اس کو الٹ کے دیکھتا ہوں، وہ ایک دم سے اٹھ جاتا ہے اور مجھ پہ حملہ کر دیتا ہے۔ میں بہت تیزی سے بھاگتا ہوں مگر وہ مجھ پہ چھلانگ لگا دیتا ہے اور میں اس کے تیز ناخن اپنے جسم میں چھبتے ہوئے محسوس کرتا ہوں، اس کے بعد مارے تکلیف کے مجھ سے ہلا بھی نہیں جاتا ، اور میں خود کو مفلوج محسوس کرتا ہوں ، پھر بھی بہت زور لگا کے خود کو گھسیٹ کر گاڑی کے نیچے کر لیتا ہوں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

کلاس میں پیاس لگنا
عنبرین سلطان، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ مجھے بہت پیاس لگی ہے اور اس وجہ سے مجھ سے کلاس میں توجہ سے پڑھا نہیں جا رہا ۔ میرے استاد مجھے لیکچر میں کلاس چھوڑ کر جانے کی اجازت نہیں دے رہے۔ پیاس کے مارے میرے حلق میں کانٹے چبھ رہے ہوتے ہیں ۔ جانے کب تک یہ حالت رہے گی ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں بھی کوئی مسلہ پیش آ سکتا ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب استطاعت صدقہ کیا کریں ۔

بچیوں سے قرآن سننا
فاطمہ ریاض، سرگودھا
خواب : میں نے دیکھا کہ میری قرآن کلاس کی سب طالبات میرے گھر آ رہی ہیں اور ہم سب نیاز بانٹنے کے لئے بڑے بڑے تھال نکال رہے ہیں ۔ اس کے بعد بچیاں باری باری تلاوت کرتی ہیں اور مختلف سورتیں مجھے سناتی ہیں ۔ میری امی بھی ہمارے پاس آ کر بیٹھ جاتی ہیں اور مجھے کہتی ہیں کہ وہ اپنی طرف سے بہترین تلاوت کرنے پہ ان بچیوں کو کچھ تحائف دینا چاہتی ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

آندھی سے خوفزدہ ہونا
خدیجہ یوسف،سیالکوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں کھلی جگہ پہ ہوں اور موسم کافی زیادہ خراب ہے۔ میں آندھی کی آواز سے دل میں پریشان ہوں اور سوچ رہی ہوں کہ جانے کب تک یہ حالت رہے گی ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں