فالکن سمیت دیگر پرندوں کا غیرقانونی شکار 26افراد کو ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ
کارروائیوں کے دوران نایاب نسل کی پینگولین اور 20 کچھوئے بھی برآمد
پنجاب وائلڈ لائف کی ٹیموں نے فالکن سمیت مہمان پرندوں کا غیرقانونی شکار اور کاروبار کرنے والے 26 افراد کے خلاف چالان کرکے ڈھائی لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا ہے جبکہ کارروائیوں کے دوران نایاب نسل کی پینگولین اور 20 کچھوئے برآمد کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی رضوانہ عزیز نے ایک خفیہ اطلاع پر عدالت سے سرچ وارنٹ کے بعد مقامی پولیس کے ہمراہ خانہ بدوشوں کی ایک بستی پر کریک ڈاؤن کے دوران ایک نایاب پینگولن اور 20 کچھوے برآمد کرکے 4ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کو 40ہزار جرمانہ کیا جبکہ ضبط جانور قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے گئے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع جہلم رانا محمد اشفاق نے فالکن کے 6 شکاریوں کو 65ہزار روپے جرمانہ کرکے ہنٹنگ گیئرز ضبط کرلیے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولنگر منور حسین نجمی نے ناجائز شکار بٹیر پر پانچ چالان کرکے ملزمان کو 55ہزار روپے جرمانہ کیا، جنگلی طوطوں کا شکار کرنے والے ایک ملزم کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان و وہاڑی نے دونوں اضلاع سے فالکن کے دو شکاریوں کا چالان کرکے 22ہزار جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر جھنگ اکرم شاہد نے فالکن کے ایک شکاری کا چالان کرکے 15ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اسی طرح، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف خانیوال و لودھراں سرفراز خان نے لودھراں سے فالکن کے ایک شکاری کا چالان کرکے اسے 10ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ خانیوال سے ایک ناجائز شکار بٹیر پر قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن احسان احمد راجہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف اسٹاف راولپنڈی ریجن نے ایک برڈ سیلر کو 10ہزار جرمانہ کیا اور برآمدہ 200 گھریلو چڑیاں قدرتی ماحول میں آزاد کر دیں۔ اٹک سے فالکن کے ایک شکاری کا چالان کرکے اسے 20ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور معاون شکاری پرندے کیسٹرل اور کبوتر قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے۔
پنجاب وائلڈ لائف کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ راولپنڈی ریجن میں 125چالان کیے گئے جن میں فالکن 14، بٹیر 40، غیر قانونی قبضہ 22، غیر قانونی تجارت 26 اور شکار جنگلی پرندگان 23 شامل ہیں۔ کل 114 مقدمات کمپاؤنڈ کرکے 12لاکھ 34ہزار 500 جرمانہ کیا جبکہ پانچ کیس عدالت کو بھیجے گئے جن میں مبلغ 50ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔