خالد مقبول صدیقی کا ایم ڈی کیٹ میں مبینہ دھاندلی پر متاثرہ طلبہ کے مؤقف کی حمایت

وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سمیت وفاقی اداروں سے اس زیادتی اور بدعنوانی کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں،خالد مقبول


Staff Reporter October 11, 2024
فوٹو- فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم ڈی کیٹ میں مبینہ دھاندلی پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور متاثرہ طلباء طالبات کے مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔

اپنے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں امتحانی پرچوں کے قبل از وقت اجراء غیر نصابی سوالات اور دھاندلی پر شدید تشویش ہے جس پر طلبہ میں پھیلی بے چینی اور مایوسی کو ختم کرنے کے لیے ایم ڈی کیٹ کے نتائج پر حکم امتناع جاری کرنے پر عدلیہ کے شکر گزار ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ طلبہ کو صرف قابلیت اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں مگر کوالٹی سے خائف طبقہ میرٹ کی دھجیاں اُڑا رہا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے نتائج روکنا تمام حق پرست اراکین، ینگ ڈاکٹرز اور متاثرہ طلبہ کے والدین کی جیت ہے سارے معاملے میں حق پرست اراکین اسمبلی نے سینیٹ، قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور عدالتوں سمیت ہر فورم پر زیادتی کے خلاف آواز اُٹھائی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سمیت وفاقی اداروں سے اس زیادتی اور بدعنوانی کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔