پاکستان اور امریکی بحریہ کی بحیرہ عرب میں مشترکہ مشقیں
مشق کا مقصد باہمی تعاون کو بڑھانا اور علاقائی امن کے لئے مشترکہ عزم کا اظہار کرنا تھا، ترجمان پاک بحریہ
امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس اوکین نے کراچی کا دورہ کیا اور بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر کے ساتھ دو طرفہ مشقوں میں حصہ لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق کا مقصد باہمی تعاون کو بڑھانا اور علاقائی بحری امن کے لئے دونوں ممالک کی بحریہ کے مشترکہ عزم کا اظہار کرنا تھا۔
دورے کے دوران یو ایس ایس اوکین کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب سے ملاقات کی جس میں دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون اور بحری آپریشنز کی ٹیکٹیکل مہارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ دورہ اور دو طرفہ مشقیں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ علاقائی امن اور بحری استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کی عکاس ہیں۔ یہ شراکت داری علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر انسداد دہشت گردی، قذاقی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر ثابت ہوئی ہے۔
امریکی بحریہ کے جہاز کا دورہ پاکستان دونوں بحری افواج کے مابین بلعموم اور دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔