چیمپئینز کپ فاتح مینٹور کیلیے 1 کروڑ روپے انعام

ایک اور مینٹور سرفراز احمد کو نئے سلیکٹرز نے آتے ہی قومی اسکواڈ سے باہرکر دیا


Saleem Khaliq October 15, 2024
ایک اور مینٹور سرفراز احمد کو نئے سلیکٹرز نے آتے ہی قومی اسکواڈ سے باہرکر دیا (فوٹو: ٹیپ میڈ)

چیمپئنز کپ کی فاتح ٹیم کے مینٹور کو 1 کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا، پہلے سیزن کی چیمپئن ٹیم پینتھرز کے ثقلین مشتاق جلد چیک وصول کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کچھ عرصے ہی میں پی سی بی نے چیمپئنز کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرایا تھا، سابق ٹیسٹ کرکٹرز وقار یونس، مصباح الحق، ثقلین مشتاق، شعیب ملک اور سرفراز احمد کو مینٹورز کی ذمہ داریاں سونپی گئیں، ان سب کا تقرر 50 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر ہوا۔

ایونٹ سے قبل بورڈ نے انعامی رقم میں مزید ایک کروڑ روپے فاتح کھلاڑیوں اور آفیشلز میں تقسیم کرنے کا ارادہ ظاہرکیا تھا، البتہ بعض مینٹورز نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے صرف اپنے لیے محدود کرا لیا، پہلے سیزن کی فاتح ٹیم پینتھرز کے ثقلین مشتاق ایک کروڑ روپے کا الگ انعام بھی جلد وصول کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ناقص پرفارمنس؛ چیئرمین پی سی بی، سلیکشن کمیٹی، میٹنورز کا 2 گھنٹے طویل اجلاس

ایک مینٹور شعیب ملک کے بارے میں گذشتہ دنوں یہ خبریں زیرگردش رہیں کہ وہ عثمان واہلہ کی جگہ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ بننے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں،البتہ سابق کپتان کے قریبی ذرائع اسے درست تسلیم نہیں کرتے،ان کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کسی ایسی فل ٹائم ملازمت میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے، وہ چاہتے ہیں کہ سیالکوٹ کا ہائی پرفارمنس سینٹر فعال کر کے ان کے حوالے کر دیا جائے، البتہ بورڈ نے ابھی انھیں کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: "چیمپئینز کپ کا فائدہ کیا، پرفارمرز کو اسکواڈ کا حصہ ہی نہ بنایا گیا"

ایک اور مینٹور سرفراز احمد کو نئے سلیکٹرز نے آتے ہی قومی اسکواڈ سے باہرکر دیا، اس سے انھیں یہ پیغام مل گیا کہ مستقبل کے پلانز کا حصہ نہیں ہیں، سرفراز نے ابھی اپنے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں