لاہور میں 19 اکتوبر سے ہسٹری بائی نائٹ ٹوور دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

گرمیوں، محرم اور صفر کے مہینوں میں یہ ٹور منعقد نہیں کیے گئے تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم


آصف محمود October 16, 2024
فوٹو: فیس بک

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے 19 اکتوبر سے ہسٹری بائی نائٹ ٹوور دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے مطابق یہ لاہور کے لوگوں کے لیے ایک ہفتہ وار سرگرمی ہے جو رات کے وقت لاہور قلعے کو بطور سیاحتی مرکز مزید خوبصورت بناتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم اصغر حسین نے کہا کہ گرمیوں، محرم اور صفر کے مہینوں میں یہ ٹور منعقد نہیں کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ہفتے سے دوبارہ یہ ٹور شروع کر رہے ہیں اور یہ 2025 تک باقاعدگی سے منعقد ہوں گے۔ اس ٹور میں سیاحوں کے لیے کئی نئی سرگرمیاں شامل کی ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ لوگ تاریخ اور تفریح کے ان مناظر کو سراہیں گے۔ اس سال کچھ نئے مقامات جیسے عرض گاہ، دیوانِ عام اور شیش محل کے کمرے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹور کی تفریحات میں روشنائی دروازہ، علامہ اقبال کا مزار، بادشاہی مسجد، حضور باغ، عالمگیری دروازہ، پکچر وال، عرض گاہ، بارود خانہ، دیوانِ عام، مکتب خانہ، ایتھ دارہ، شیش محل اور شاہی باورچی خانہ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال مزید ثقافتی نمائشیں اس ٹور کا حصہ بنائی گئی ہیں۔ "ہم نے مختلف تفریحی سرگرمیوں کے لیے پیشہ آور اداکاروں کی خدمات حاصل کی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ لوگ اسے پچھلے سالوں سے نیا اور مختلف پائیں گے۔

سیاحوں کے لیے ایک ڈھول و دھمال کا پرفارمنس بھی دوبارہ تیار کیا گیا ہے جو ٹور کے اختتام پہ ہوگا۔ اس ٹور کے ٹکٹ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور ہسٹری بائی نائٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں