کراچی لیاری لی مارکیٹ کے قریب فلیٹ سے چار خواتین کی گلا کٹی لاشیں برآمد
قاتل آلہ قتل سمیت فرار ہوا، سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پولیس
لیاری کے علاقے لی مارکیٹ بانٹوا گلی زینب آرکیڈ کے قریب فلیٹ سے چار خواتین کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لی مارکیٹ زینب آرکیڈ بانٹوا گلی میں فلیٹ کے ساتویں منزل سے چار خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں، چاروں خواتین کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا جن کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں، چاروں خواتین کو الگ الگ کمروں میں قتل کیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مرنے والوں میں 13سال کی علینا، 18 سال کی مدیحہ،19 سال کی عائشہ اور 51 سال کی شمشاد شامل ہیں جبکہ پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات کے وقت گھر میں چاروں خواتین موجود تھیں اور قاتل آلہ قتل سمیت فرار ہوا ہے ، بانٹوا گلی میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
گھر کے سربراہ محمد فاروق نے بتایا کہ مرنے والی خواتین میں میری بیوی ، بیٹی ، نواسی اور ایک بہو شامل ہے واردات کے وقت میں اور میرے دونوں بیٹے گھر پر نہیں تھے گھر پہنچنے پر دروازہ کھٹکھٹایا جب کوئی نہیں آیا تو بیٹے نے آکر موجود چابی سے دروازہ کھولا، ہمیں کسی پر شک نہیں اور نہ ہی کسی سے دشمنی ہے پولیس واقعے کی تحقیقات کر کے انصاف فراہم کرے۔
دریں اثنا ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے ایکسپریس کو بتایا کہ فلیٹ میں تیز دھار آلے کے وار سے 4 خواتین کے قتل کی لرزہ خیز واردات میں پراسراریت ہے تاہم تمام پیشہ وارانہ صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کیس پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی واردات کا معمہ حل کرلیا جائیگا ، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے گھر کے سربراہ فاروق اور اس کے 2 بیٹوں کو شامل تفتیش کیا ہے جن سے مختلف پہلوؤں پر معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔