گیٹ نمبر چار الٹا اور سیدھا بھی کھلتا ہےشیخ رشید
سیٹی بجنے والی ہے، حکمرانوں کے برے دن شروع ہوچکے ہیں
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم پر کچھ نہیں کہہ سکتا، یہ کلیم اللہ اور سمیع اللہ مقابلہ ہے، گیٹ نمبر چار الٹا اور سیدھا بھی کھلتا ہے، کھیل شروع ہو چکا،سیٹی بجنے والی ہے، حکمرانوں کے برے دن شروع ہوچکے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ بولیاں لگ رہی ہیں، بکنے والوں میں مقابلہ ہے، آج جی ایچ کیو کیس کا چالان مل گیا، چالیس دن چلہ کاٹا، وہ وکٹری اسٹینڈ پر رہے، انھوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمن کو سیلوٹ کرتے ہیں، انھوں نے اپنی عزت بڑھائی، وہ خود مولانا فضل الرحمان سے ملنے کیلیے جائیں گے، ان کے والد مولانا مفتی محمود سے بھی ان کی نیاز مندی تھی ۔
انھوں نے کہا کہ شنگھائی کانفرنس چار دن رہی، پانچ دن پنڈی اسلام آباد بند رہے، دونوں شہر بند کرنیوالوں پر لعنت،کانفرنس ہو تو لوگ غبارے بیچتے ہیں، کاروبار ہوتا ہے مگر حکمرانوں نے کرفیو لگا دیا، سکول،کالج، کاروبار بند رکھ کر منفی پیغام دیا۔